
نئی دہلی، 22 جولائی (ہ س)۔
پبلک سیکٹر کی تیل اور گیس کی مارکیٹنگ کمپنی بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) نے رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی (اپریل-جون) کے اپنے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کو اپریل-جون سہ ماہی میں 3962.13 کروڑ روپے کا خالص نقصان ہوا ہے۔
بی پی سی ایل نے بدھ کو اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا کہ کمپنی کو یہ نقصان مالی سال 2026-27 کی اپریل-جون سہ ماہی میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں کو لاگت سے کم رکھنے کی وجہ سے اٹھانا پڑا۔ پچھلے مالی سال کی اسی سہ ماہی میں کمپنی کو 3,333.97 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا۔
بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ نے کہا کہ کمپنی کو جون سہ ماہی میں ایل پی جی پر 3,485.22 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ مارچ 2026 تک 12,318.52 کروڑ روپے کی ایل پی جی سبسڈی بقایا ہے۔ کمپنی کی آپریٹنگ آمدنی اپریل-جون سہ ماہی میں بڑھ کر 1.59 لاکھ کروڑ روپے ہوگئی، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 1.35 لاکھ کروڑ روپے تھی۔
پہلی سہ ماہی کے دوران، کمپنی کی پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 1.36 کروڑ ٹن رہی، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 1.38 کروڑ ٹن تھی۔ دریں اثنا، ریفائنریز نے 10.1 ملین ٹن خام تیل پر عملدرآمد کیا، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 10.4 ملین ٹن تھا۔
قابل ذکر ہے کہ بی پی سی ایل اور دیگر سرکاری پٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیوں نے خام تیل کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ اضافے کے باوجود تقریباً ڈھائی ماہ تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مستحکم رکھا تھا۔ کمپنی نے کہا، یہ نقصانات پیٹرولیم مصنوعات پر دباو¿ والے مارکیٹنگ مارجن کی وجہ سے ہوئے، جو جزوی طور پر بہتر ریفائننگ مارجن سے پورا ہو گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ