
تہران/واشنگٹن، 21 جولائی (ہ س)۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث بین الاقوامی آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ ایران نے دو آئل ٹینکروں میں آگ لگنے کی تصدیق کی ہے۔ یو کے میری ٹائم آپریشنز کا کہنا ہے کہ اسے اس حوالے سے متعدد رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمان کے لیمہ ساحل کے قریب آبنائے ہرمز میں پیر کی دوپہر ایک آئل ٹینکر پر نامعلوم چیز (پراجیکٹائل) سے حملہ کیا گیا۔ یہ ایجنسی خلیج فارس، شمالی بحر ہند اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی نگرانی کرتی ہے۔
سی این این اور الجزیرہ کی رپورٹوں کے مطابق، یوکے میری ٹائم آپریشنز نے منگل کی صبح اس شپنگ کمپنی کے چیف سیکیورٹی آفیسر (سی ایس او) سے بات کی جس سے ٹینکر کا تعلق ہے۔ سی ایس او نے کہا، عملے نے جہاز چھوڑ دیا ہے اور فی الحال لائف بوٹس میں ہیں۔ اس سے کچھ دیر قبل ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں غیر محفوظ جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکرز ایک دھماکے کی زد میں آگئے جس کے بعد زبردست آگ لگ گئی۔ آئی آر جی سی نے دعویٰ کیا کہ ٹینکرز پر قواعد کی خلاف ورزی پر حملہ کیا گیا۔
یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا کہ ماحولیاتی اثرات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس سے قبل اتوار کو عمان اور متحدہ عرب امارات کے ساحلوں کے قریب دو بحری جہازوں پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا تھا۔ دریں اثنا، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایک ایکس پوسٹ میں اطلاع دی ہے کہ امریکی فوج نے آج رات 9 بجے (مشرقی وقت) پر ایران کے خلاف حملے کا ایک اور دور شروع کیا۔ فوج نے ایران کے ملٹری کمانڈ سینٹر، سمندری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور فضائی دفاعی نظام پر حملہ کیا۔ سینٹ کام نے دعویٰ کیا کہ تجارتی بحری جہاز اہم بین الاقوامی میری ٹائم کوریڈور سے گزرتے رہتے ہیں۔ امریکی افواج نے مئی کے آغاز سے اب تک تقریباً 900 تجارتی جہازوں اور 450 ملین بیرل خام تیل کی نقل و حرکت میں مدد کی ہے۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے ایکس پر لکھا کہ 7 جولائی سے اب تک اس جنگ میں لگ بھگ 100 امریکی فوجی کسی نہ کسی صورت میں زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 96 فوجی ڈیوٹی پر واپس آچکے ہیں۔ یہ جنگ پورے مشرق وسطیٰ (مغربی ایشیا) کے خطے کو متاثر کر رہی ہے۔ امریکی فوجیوں کی حالیہ ہلاکتوں کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت جوابی کارروائی کی تنبیہ کی ہے۔اس دوران ثالثوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے۔ امریکہ مشرق وسطیٰ میں اپنے طیاروں کی تعداد بڑھا رہا ہے۔ ایک اسرائیلی ذریعے نے بتایا کہ کئی امریکی ایندھن بھرنے والے طیارے اسرائیل پہنچ چکے ہیں۔
امریکی حکام نے بتایا کہ مسلسل 10ویں رات ایران کے سرک، بندر عباس، قشم جزیرہ، چابہار اور کونارک کے قریب بمباری کی گئی۔ آئی آر جی سی نے دعویٰ کیا کہ اس نے کویت میں کئی امریکی فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا اور تباہ کر دیا۔ تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، حملوں میں کویت میں امریکی فوج کی طویل فاصلے تک مار کرنے والی ریڈار سائٹ، ٹیلی کمیونیکیشن سینٹر، سیٹلائٹ ریسیونگ سسٹم اور میزائل ڈیفنس ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔ علی ال سلیم ایئر بیس پر ایم کیو-9 ڈرون ہینگر پر حملہ کر کے کئی بغیر پائلٹ ہوائی گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا۔ آئی آر جی سی نے کہا کہ بحرین کے محرق علاقے میں ایک امریکی فضائی دفاعی نظام اور ریڈار کو تباہ کر دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی