سونم وانگچک کی حمایت میں احتجاج کے بعد ممبئی پولیس کی کارروائی، آٹھ مقدمات درج، 900 سے زائد افراد کے خلاف کیس
ممبئی، 21 جولائی (ہ س)۔ سماجی کارکن سونم وانگچک کی حمایت میں ممبئی کے مختلف علاقوں میں منعقد کیے گئے احتجاجی مظاہروں کے بعد ممبئی پولیس نے بڑے پیمانے پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے آٹھ الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق ان مقدمات میں 900
سونم وانگچک کی حمایت میں احتجاج کے بعد ممبئی پولیس کی کارروائی، آٹھ مقدمات درج، 900 سے زائد افراد کے خلاف کیس


ممبئی، 21 جولائی (ہ س)۔ سماجی کارکن سونم وانگچک کی حمایت میں ممبئی کے مختلف علاقوں میں منعقد کیے گئے احتجاجی مظاہروں کے بعد ممبئی پولیس نے بڑے پیمانے پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے آٹھ الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق ان مقدمات میں 900 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے اوران پرغیرمجازاجتماع، بغیراجازت احتجاج اورامن وامان میں خلل ڈالنے سے متعلق مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج مقدمات کی تحقیقات جاری ہیں اور احتجاجی مقامات سے حاصل ہونے والے شواہد، ویڈیو ریکارڈنگ اور دیگر دستیاب معلومات کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ سب سے بڑا مقدمہ شیواجی پارک پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے، جہاں ایف آئی آر میں 600 سے زائد افراد کو شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ماہم پولیس اسٹیشن میں 100 سے زیادہ افراد، دادر پولیس اسٹیشن میں 70 سے زائد، سائن میں 40 سے زیادہ، وڈالا ٹی ٹی میں 25 سے زائد، ورلی میں 21، کالا چوکھی میں 20 سے زیادہ اور بھوئی واڑا پولیس اسٹیشن میں بھی 20 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام معاملات کی الگ الگ بنیادوں پر جانچ کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا دادر کے چیتیہ بھومی میں سونم وانگچک کی حمایت میں احتجاج کرنے والے متعدد طلبہ کو بھی پولیس نے نوٹس جاری کیے ہیں۔ حکام کے مطابق ان طلبہ کے خلاف غیر مجاز احتجاج میں شریک ہونے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں تفتیش میں تعاون کے لیے طلب کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران حراست میں لیے گئے طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 27 جولائی کو صبح 10 بجے شیواجی پارک پولیس اسٹیشن میں تفتیشی افسر کے روبرو حاضر ہوں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر متعلقہ افراد مقررہ تاریخ پر حاضر نہ ہوئے تو قانون کے مطابق آئندہ کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے بتایا کہ احتجاج ایسے وقت کیا گیا جب متعلقہ علاقے میں امتناعی احکامات نافذ تھے اور مظاہرے کے لیے پیشگی اجازت بھی حاصل نہیں کی گئی تھی۔ اسی بنیاد پر ماہم پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 189(2)، 189(3)، 189(5) اور 223 کے علاوہ مہاراشٹر پولیس ایکٹ کی دفعات 37 اور 135 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چیتیہ بھومی میں جمع ہونے والے طلبہ اور دیگر شرکا نے سونم وانگچک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تھا۔ وانگچک لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظ فراہم کرنے اور علاقے میں ماحولیات کے مؤثر تحفظ کے مطالبے کو لے کر مختلف سطحوں پر مہم چلا رہے ہیں۔ احتجاج کے دوران پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے کر شیواجی پارک پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا۔ بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا، جبکہ دونوں معاملات کی مزید تفتیش جاری ہے۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande