
کابل (افغانستان)، 21 جولائی (ہ س)۔ افغانستان میںشدید بارش اور سیلاب سے زبردست جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ پیر کو مشرقی افغانستان کے صوبہ نورستان میں شدید بارش کے باعث سیلاب نے تباہی مچا دی۔ سرکاری حکام کے مطابق اس دوران 20 افراد ہلاک ہوئے۔ کم از کم 80 افراد زخمی ہوئے۔ تقریباً 100 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
افغان خبر رساں ایجنسی پژووک کی رپورٹ کے مطابق افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اس کی تصدیق کی ہے۔ اس نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ اتھارٹی نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق صوبہ نورستان کے صدر مقام پارون میں حالیہ سیلاب میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 80 سے زائد افراد زخمی اور 100 سے زائد لاپتہ ہیں۔
اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور امدادی ٹیمیں ابھی بھی متاثرہ علاقے میں کام کر رہی ہیں۔ اس نے یہ بھی کہا کہ سروے اور تشخیص کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹھوس معلومات میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی