
جونپور، 20 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش میں جونپور ضلع کے رام پور تھانہ علاقے کے گوپال پور پرانی بازار میں اتوار کو انکم ٹیکس اہلکار بن کر پہنچنے بدمعاشوںنے ایک جیولر سے لاکھوں روپے کے سونے اور چاندی کے زیورات لوٹنے کی کوشش کی۔ اس دوران تاجر اور اس کی اہلیہ کے شور مچانے پر بازار والوں نے گھیر کر تین ملزمین کو پکڑ لیا جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تینوں ملزمین کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
اتوار کی سہ پہر تقریباً 4 بجے ایک بولیرو گاڑی میں سوار پانچ لوگ گوپال پور پرانی بازار کے رہنے والے جیولر دنیش برنوال کی دکان پر پہنچے۔ ملزمین نے خود کو محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکار کے طور پر متعارف کرایا، اپنا شناختی کارڈ دکھایا اور تحقیقات کے نام پر دکان کے لاکر میں رکھے سونے اور چاندی کے زیورات کو باہر نکلوائے۔ اس کے بعد انہوں نے تمام زیورات ایک تھیلے میں بھر لیے۔ الزام ہے کہ جب دنیش برنوال اور ان کی بیوی نے احتجاج کیا تو بدمعاشوں نے ان کی پٹائی کی۔ یہی نہیں بلکہ تاجر کا لائسنس یافتہ ریوالور بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ ریوالور ضبط کئے جانے پر جوڑے کو شک ہوا اور انہوں نے دکان کے اندر سےشور مچانا شروع کر دیا۔
چیخ و پکار سن کر آس پاس کے دکاندار اور گاؤں والے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے شرپسندوں کو گھیر لیا۔ان میں سے دو موقع سے فرار ہوگئے۔ تین کو ان کی بولیرو سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ان کی شدید پٹائی کے بعد گاؤں والوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع پر رام پور پولیس پہنچی اور تینوں ملزمین کو حراست میں لے کر تھانے لے گئی۔ پولیس نے جب بولیرو کی نمبر پلیٹ چیک کی تو یہ موٹر سائیکل کی نکلی، جس سے شبہ پیدا ہوا کہ گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی۔
واقعہ کے بارے میںمڑیہاوں کے سرکل آفیسر وجے چودھری نے اتوار کی رات دیر گئے بتایا کہ کچھ بدمعاشوں نے انکم ٹیکس محکمہ کے اہلکار بتاکر جانچ کی آڑ میں، گوپالا پور پرانی بازار میں رام پور تھانہ علاقے میں ایک جیولر کی دکان کو دھوکہ دینے اور لوٹنے کی کوشش کی۔ دکاندار نے واقعے کی اطلاع پولیس اسٹیشن اور چوکی کو دی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقامی شہریوں کی مدد سے تین ملزمان کو گرفتار کرکے ایک گاڑی برآمد کرلی۔ واقعے کے دوران دو دیگر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ تینوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
پولیس کی ٹیمیں مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں اور معاملے میں ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پیر کو کہا کہ واقعے کی تفصیلات اور گرفتار ملزمین کا انکشاف کیا جائے گا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد