

اجین میں پرانی رنجش کے باعث دو گروپوں میں تصادم، جھگڑے میں دو سگے بھائیوں کی موت، پانچ ملزمان گرفتار
اجین، 19 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے اجین ضلع کے نیل گنگا تھانہ علاقے میں گزشتہ ہفتے کی رات پرانی رنجش میں دو سگے بھائیوں کی موت ہو گئی ہے۔ پولیس نے ایک مختصر تصادم کے بعد اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کی نشاندہی پر چار دیگر شریک ملزمان کو بھی پکڑ لیا گیا ہے۔ حالانکہ ابھی بھی تین ملزمان فرار ہیں۔
معلومات کے مطابق، نیل گنگا تھانہ کے تحت دربار فوڈ ریسٹورنٹ کے سامنے پاسی اور گورکر خاندان کے درمیان گزشتہ ہولی کے تہوار پر تنازعہ ہوا تھا۔ جسے لے کر ہفتے کی رات تقریباً 11 بجے دونوں فریقین کے درمیان پھر سے تنازعہ گہرا گیا۔ اس دوران لاٹھی، ڈنڈے، تلوار اور پتھروں سے پرتشدد ٹکر ہوئی، جس میں پاسی خاندان کی طرف سے یکے بعد دیگرے چار راونڈ فائرنگ کی گئی تھی۔ اس گولی باری میں لوکیش گورکر کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ بیچ بچاو کرنے کے لیے آئے اس کے بڑے بھائی جے گورکر اور چچازاد بھائی تپن کو نازک حالت میں نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اتوار کی صبح علاج کے دوران بڑے بھائی جے نے بھی دم توڑ دیا۔
گورکر خاندان کے اہل خانہ نے بتایا کہ بڑے بھائی جے کی شادی محض دو سال پہلے ہی ہوئی تھی اور گھر میں خوشیوں کا ماحول تھا، وہیں چھوٹے بھائی لوکیش کی شادی کے لیے بات چیت کا دور چل رہا تھا۔ دونوں بھائیوں کے والد کا پہلے ہی انتقال ہو چکا ہے اور اس خونی تصادم کے بعد اب پورے خاندان میں صرف ان کی ماں ہی اکیلی بچ گئی ہیں۔ دو نوجوان بیٹوں کی موت سے محلے میں ماتم پسرا ہوا ہے۔
ایڈیشنل ایس پی گرو پرساد پراشر نے بتایا کہ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے گھیرا بندی کر کے اہم ملزم نریش پاسی کو ایک مختصر تصادم کے بعد گرفتار کیا ہے۔ اہم ملزم کی نشاندہی کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے معاملے کے چار دیگر شریک ملزمان لوکیش، راکیش، بنٹی اور منجو بائی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ حادثے میں نامزد تین دیگر ملزمان سنی، روشن اور درگیش فی الحال فرار چل رہے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن