
اورنگ آباد ، 16 جولائی (ہ س): گزشتہ دس برس سے شہر میں سرگرم تنظیم سی ایس این فرسٹ کی جانب سے ٹویوٹا گروپ آف کمپنیز اور شہر کے ممتاز صنعت کاروں کے ساتھ ایک خصوصی ڈنر اور تبادلۂ خیال اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اجلاس جالنہ روڈ پر واقع ہوٹل ایکسپریس اِن ہیریٹیج میں منعقد ہوا، جس میں رکن اسمبلی انورادھا چوہان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد اورنگ آباد میں سرمایہ کاری کرنے والی بڑی کمپنیوں کو درپیش روزمرہ مسائل سے واقفیت حاصل کرنا اور ان کے کام کاج کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلۂ خیال کرنا تھا۔ حالیہ برسوں میں شہر میں متعدد بڑی کمپنیاں سرمایہ کاری کر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں حصہ لے رہی ہیں، جس کے پیش نظر صنعت اور انتظامیہ کے درمیان بہتر رابطے کو ضروری قرار دیا گیا۔
اس موقع پر ترقی یافتہ بھارت کا اگلا عظیم شہر، اورنگ آباد کے وژن کے تحت سرگرم سی ایس این فرسٹ کے اس منفرد اقدام کو رکن اسمبلی انورادھا چوہان نے سراہتے ہوئے تنظیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے مکالمے صنعتوں اور سرکاری اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے اور شہر کی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں وزیر اتل ساوے، رتیش مشرا، سی ای او ہیمنت لانڈگے، ڈائریکٹر رام بھوگلے، رابطہ کار وویک دیشپانڈے، چھترپتی سمبھاجی نگر کے چیف انجینئر اتل چوہان، ضلع پریشد کے صدر اویناش گلانڈے، ضلع کلکٹر، ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ صنعت کاروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صنعتی ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے