
تاریخ کے آئینے میں 16 جولائی : آج ہی کے دن بیوہ خواتین کی دوسری شادی کو قانونی منظوری ملی تھی
ہندوستانی سماجی اصلاحات کی تاریخ میں 16 جولائی کا دن انتہائی اہم مانا جاتا ہے۔ سال 1856 میں اسی دن ’ہندو بیوہ دوسری شادی ایکٹ‘ نافذ ہوا، جس کے بعد پہلی بار ہندو معاشرے، بالخصوص اونچی ذاتوں کی بیوہ خواتین کو دوبارہ شادی کرنے کا قانونی حق ملا۔ یہ قانون ہندوستانی معاشرے میں خواتین کے حقوق اور سماجی اصلاحات کی سمت میں ایک تاریخی قدم ثابت ہوا۔
اس وقت معاشرے میں اونچی ذاتوں کی بیوہ خواتین کی دوسری شادی پر سخت سماجی اور مذہبی پابندیاں تھیں۔ کم عمری میں بیوہ ہو جانے والی خواتین کو زندگی بھر سماجی نظراندازی اور مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ایسے دور میں عظیم سماجی مصلح ایشور چندر ودیا ساگر نے اس برائی کے خلاف وسیع مہم چلائی۔
ودیا ساگر نے مذہبی کتابوں کا مطالعہ کر کے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ بیوہ کی دوسری شادی ہندو دھرم کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے ہزاروں لوگوں کے دستخطوں کے ساتھ اس وقت کی برطانوی حکومت کو ایک میمورنڈم سپد کیا اور بیوہ خواتین کی دوسری شادی کو قانونی منظوری دلانے کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔ ان کی اس مہم کے نتیجے میں، اس وقت کے گورنر جنرل لارڈ کیننگ کے دور حکومت میں 16 جولائی 1856 کو یہ قانون پاس ہوا۔
ایشور چندر ودیا ساگر نے اپنی مہم کو صرف خیالات تک محدود نہیں رکھا، بلکہ معاشرے کے سامنے ایک مثال بھی پیش کی۔ انہوں نے اپنے بیٹے کی شادی ایک بیوہ خاتون سے کروا کر یہ پیغام دیا کہ سماجی تبدیلی صرف قانون سے نہیں، بلکہ ذاتی پہل اور ہمت سے بھی ممکن ہے۔
دیگر اہم واقعات:
1661 - سویڈش بینک نے یورپ میں پہلا نوٹ جاری کیا۔
1890 - پارکنسن نام کے ایک ڈاکٹر نے پارکنسن بیماری کے بارے میں اپنی جانچ مکمل کی۔ انہی کے نام پر اس بیماری کا نام پارکنسنز رکھا گیا۔
1909 - ’ہندوستانی جنگ آزادی‘ میں تعاون دینے والی اہم خواتین میں سے ایک ارونا آصف علی کی پیدائش۔
1905 - باگیرہاٹ (اب بنگلہ دیش) میں ایک عوامی جلسے میں برطانوی سامان کے بائیکاٹ کی تجویز کو پہلی بار منظوری دی گئی۔
1925 - عراق میں شاہ فیصل نے بغداد میں پہلی پارلیمنٹ قائم کی۔
1925 - نیشنل جیوگرافک نے پہلی بار سمندر کے اندر کے مناظر کی قدرتی رنگین تصویر کھینچی۔
1937 - ہندوستانی-امریکی آرٹسٹ اور پرنٹ میکر زرینہ ہاشمی کی پیدائش۔
1945 - امریکہ نے ایٹم بم کا پہلا تجربہ کیا۔
1951 - نیپال کو برطانیہ سے آزادی ملی۔
1984 - بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی پیدائش۔
1999 - جان ایف کینیڈی کے بیٹے جان ایف کینیڈی جونیئر کی طیارہ حادثے میں موت۔
2003 - پاکستان، سعودی عرب اور 53 دیگر اسلامی ممالک، اسرائیل کو 2005 تک تسلیم کرنے پر راضی ہوئے۔
2007 - بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کو رقم کی وصولی (بھتہ خوری) کے ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا۔
2008 - برطانیہ کے سابق وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر نے غزہ پٹی کا اپنا مجوزہ دورہ منسوخ کیا۔ امریکہ نے اگلے پانچ برسوں میں پاکستان کو ساڑھے سات ارب ڈالر کی غیر فوجی امداد دینے کے لیے ایک بل پیش کیا۔
2011 - ملک میں گزشتہ ایک دہائی میں گاوں کے مقابلے شہری آبادی ڈھائی گنا سے بھی زیادہ تیزی سے بڑھی ہے۔ ہندوستان کے رجسٹرار جنرل اور مردم شماری کمشنر کے دفتر کی ایک رپورٹ کے مطابق، گزشتہ دہائی میں ملک کی آبادی میں 17.64 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ گاوں میں 12.18 اور شہری علاقوں میں 31.80 فیصد رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن