
13 جولائی ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک تاریخی دن کے طور پر درج ہے۔ اسی دن سال 1974 میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے سفر کا آغاز کیا تھا۔ انگلینڈ کے خلاف لیڈز کے ہیڈنگلے میدان پر کھیلے گئے اس مقابلے میں ہندوستان نے پہلی بار 60 اووروں کے فارمیٹ میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلی۔
اس وقت ہندوستانی ٹیم کی قیادت اجیت واڈیکر کے ہاتھوں میں تھی۔ انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 55 اووروں میں 265 رن بنائے۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم مقررہ اووروں میں 261 رن ہی بنا سکی اور مقابلہ چار وکٹوں سے ہار گئی۔
حالانکہ نتیجہ ہندوستان کے حق میں نہیں رہا، لیکن یہی مقابلہ ہندوستانی کرکٹ کے اس سفر کا نقطۂ آغاز بنا جس نے آگے چل کر عالمی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کی۔ اس کے بعد ہندوستان نے 1983 اور 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیت کر دنیا کو اپنی طاقت کا احساس کرایا اور محدود اووروں کی کرکٹ میں خود کو ایک عظیم قوت کے طور پر قائم کیا۔
ہندوستان کے پہلے ون ڈے میچ کو آج بھی ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل مانا جاتا ہے، جس نے آنے والی نسلوں کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے۔
دیگر اہم واقعات:
1645 - الیکسی رومانوف اپنے والد مائیکل کی جگہ روس کے حکمراں بنے۔
1803 - راجہ رام موہن رائے اور الیگزینڈر ڈف نے پانچ طلبہ کے ساتھ اسکاٹش چرچ کالج شروع کیا تھا۔
1882 - روس میں ٹرین کے پٹری سے اتر جانے کے باعث 200 لوگوں کی موت ہو گئی۔
1905 - کلکتہ کے ہفتہ وار اخبار ’سنجیونی‘ نے برطانوی سامان کے بائیکاٹ کی سب سے پہلے تجویز دی تھی۔
1923 - کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ماونٹ ہلز کے قریب زمین کی قیمت بڑھانے کے لیے تشہیری مقصد سے ’ہالی ووڈ‘ لکھا گیا۔
1929 - انقلابی جتیندر ناتھ نے اپنی تاریخی بھوک ہڑتال شروع کی۔
1930 - آج ہی کے دن دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال مقابلے ’فیفا ورلڈ کپ‘ کا آغاز ہوا تھا۔
1937 - ’کرسپی کریم‘ نامی ڈونٹ کمپنی کا قیام عمل میں آیا۔
1963 - حکومتِ ہند نے اعلان کیا کہ وہ جنوبی افریقہ کے طیاروں کے لیے لینڈنگ کی سہولیات سے انکار کر کے ان کے ساتھ رابطے ختم کرے گی۔
1977 - حکومتِ ہند نے بھارت رتن سمیت دیگر شہری اعزازات کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔
1998 - ہندوستان کے لینڈر پیز نے ہال آف فیم ٹینس چیمپئن شپ میں اپنے کیریئر کا پہلا اے ٹی پی خطاب جیتا، برازیل نے سی ٹی بی ٹی اور این پی ٹی پر دستخط کیے۔
2000 - فجی میں مہیندر چودھری سمیت 18 یرغمالی رہا ہوئے۔
2001 - سال 2008 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی چین (بیجنگ) کے سپرد کی گئی۔
2004 - روسی صدر پوتن نے سائبیریا اور ملک کے دور دراز علاقوں کی ترقی کے لیے ہندوستان سے مزید مضبوط تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
2006 - ایٹم بم کی تیاری سے متعلق ایران کا معاملہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے سپرد۔
2008 - امریکہ میں گرین پارٹی نے صدارتی انتخاب میں سابق ڈیموکریٹ سنتھیا میک کینی کو اپنا امیدوار بنایا۔
2011 - ممبئی کے تین مختلف مقامات پر تین بم دھماکے ہوئے جن میں مرنے والوں کی کل تعداد 20 سے زیادہ اور زخمیوں کی تعداد 130 تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن