
دتیا، 13 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں دتیا اسمبلی ضمنی انتخاب کے لیے نامزدگی کے عمل کے آخری دن پیر کو کانگریس امیدوار گھنشیام سنگھ نے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کردیئے ہیں۔
کانگریس امیدوار گھنشیام سنگھ سب سے پہلے پیتامبرا پیٹھ پہنچے اور ماں بگلا مکھی کے درشن کئے۔ اس کے بعد وہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لیے کلکٹریٹ کے انتخابی دفتر گئے، جہاں انھوں نے اپوزیشن کے لیڈر امنگ سنگھار، ایم ایل اے پھول سنگھ بریا، ضلع صدر اشوک دانگی اور کانگریس کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامز داخل کیا۔
کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد کانگریس کے امیدوار گھنشیام سنگھ نے کہا،’’ہم الیکشن جیتیں گے۔ ہماری لڑائی بی جے پی سے ہے۔ آزاد سماج پارٹی تو بی جے پی کی بی ٹیم ہے، انہیں کوئی ووٹ نہیں دے گا۔‘‘ سابق ایم ایل اے راجندر بھارتی نے کہا کہ ہم کانگریس کی جیت کو یقینی بنائیں گے۔
دتیا ضمنی انتخاب میں بی ایس پی نہیں لڑ رہی، ایس پی نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کیا
بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے دتیا ضمنی انتخاب سے دوری بناتے ہوئے پارٹی کی مدھیہ پردیش اکائی کو 2028 کے اسمبلی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پارٹی کے ایم پی انچارج راجارام ریاستی صدر رماکانت پپل کے ساتھ مل کر کیڈر مینجمنٹ کو مضبوط کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، اتر پردیش کی سرحد سے متصل اس خطے میں، سماج وادی پارٹی ’’انڈیا اتحاد‘‘کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ اس ضمنی انتخاب میں اپنا امیدوار کھڑا کرنے کے بجائے پارٹی کھل کر کانگریس امیدوار گھنشیام سنگھ کی حمایت کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد