
جنوبی 24 پرگنہ، 13 جولائی (ہ س) مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع میں بککھالی ساحل کے قریب لاپتہ ہونے والے ماہی گیری کا ٹرالر 'ماں کالی' برآمد کر لیا گیا ہے۔ اتوار کی دیر رات ٹرالر سے مزید چار ماہی گیروں کی لاشیں نکالی گئیں، اس سےپہلے پانچ لاشیں ملی تھیں۔ اس طرح اس واقعے میں مرنے والوں کی تعداد نو ہو گئی ہے، جبکہ چھ ماہی گیرابھی بھی لاپتہ ہیں۔ ان کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
انتظامی حکام اور ماہی گیروں نے رات بھر ٹرالر کے اندر اور اطراف میں سرچ آپریشن کیا۔ شبہ ہے کہ حادثے کے وقت کچھ ماہی گیر سمندر کی اونچی لہروں میں بہہ گئے ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ کو واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے، مزید کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔
اتوار کی رات سندربن امور کے وزیر مملکت دیپانکر جانا جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے رات بھر پاتھر پرتیما کے گوبردھن پور کوسٹل پولیس اسٹیشن کےحدود میں سیتارام پور گھاٹ پر راحت اور بچاو¿ کی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ اس موقع پرکاک دیپ سب ڈویژنل انتظامیہ، سندربن پولیس، گوبردھن پور کوسٹل پولیس اسٹیشن، محکمہ جنگلات اور ماہی گیروں کی انجمنوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اطلاعات کے مطابق 'ماں کالی' ٹرالر 2 جولائی کو دیگھا کے شنکر پور بندرگاہ سے ماہی گیری کے لیے سمندر کی طرف روانہ ہوا تھا۔ ٹرالر سے رابطہ 5 جولائی کے بعد منقطع ہو گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس، کوسٹ گارڈ، بحریہ، محکمہ جنگلات اور ماہی گیروں کی انجمنوں نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اتوار کو یہ ٹرالر جنوبی 24 پرگنہ کے بککھالی ساحل سے تقریباً 35 کلومیٹر دور چلکاٹھی جنگل کے قریب باگھرچر علاقے میں الٹا ہوا پایا گیا تھا۔ مشترکہ کارروائی کے بعد ٹرالر کو سیتارام پور گھاٹ لایا گیا، جہاں تلاشی کے دوران ایک ایک کرکے 9 ماہی گیروں کی لاشیں نکالی گئیں۔ چھ لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش فی الحال جاری ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی