
ریاستی انچارج ڈاکٹر مہیندر سنگھ نے کہا- ترقی یافتہ ہندوستان کے ساتھ ترقی یافتہ دتیا کے لیے کمل کو جتائیں
نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا نے کہا- بی جے پی میں کارکن ہی سب سے بڑی طاقت
دتیا/بھوپال، 12 جولائی (ہ س)۔
دتیا اسمبلی ضمنی انتخاب کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی انتخابی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اتوار کے روز منعقدہ ورکرز کنونشن میں بی جے پی کے ریاستی انچارج ڈاکٹر مہیندر سنگھ، نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا اور پارٹی امیدوار آشوتوش تیواری نے کارکنوں سے بوتھ کی سطح تک سرگرم ہو کر انتخاب میں تاریخی فتح یقینی بنانے کی اپیل کی۔
ریاستی انچارج ڈاکٹر مہیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک ترقی یافتہ ہندوستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اب دتیا کو بھی ترقی کی نئی سمت دینے کے لیے بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری کو بھاری ووٹوں سے کامیاب بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بھارت مالا اور ساگر مالا جیسے اولو العزم منصوبوں کے ذریعے ملک کی ترقی کو نئی رفتار دے رہے ہیں، ایسے میں کارکن بھی امیدوار کو فتح کا ہار پہنانے کا عہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دتیا کے عوام نے ہمہ جہت ترقی کے لیے کمل کا پھول کھلانے کا من بنا لیا ہے۔ ہر کارکن خود کو پارٹی کا امیدوار سمجھ کر ہر بوتھ اور ہر محلے میں رابطہ مہم چلائے اور بی جے پی کے حق میں زیادہ سے زیادہ پولنگ کو یقینی بنائے۔
ڈاکٹر مہیندر سنگھ نے بتایا کہ بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری پیر، 13 جولائی کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ اس سے قبل منعقد ہونے والے نامزدگی کے جلسے میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، بی جے پی کے ریاستی صدر ہیمنت کھنڈیلوال اور علاقائی تنظیم کے جنرل سکریٹری اجے جاموال بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے بڑی تعداد میں پہنچ کر پروگرام کو تاریخی بنانے کی اپیل کی۔
ریاستی انچارج نے مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کروڑوں غریبوں کے بینک کھاتے کھلوائے گئے، ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) کے ذریعے اسکیموں کا فائدہ براہِ راست مستفیدین تک پہنچ رہا ہے اور آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت غریب خاندانوں کو 5 لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں کی محنت اور لگن سے پارٹی دنیا کی سب سے بڑی سیاسی تنظیم بنی ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں انتخاب کسی فرد کا نہیں، بلکہ نظریے، تنظیم اور کارکنوں کا ہوتا ہے۔ بی جے پی کا انتخابی نشان کمل کا پھول ہی اصل امیدوار ہوتا ہے اور کارکنوں کی محنت ہی پارٹی کی جیت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں ہر کارکن یکساں اہمیت رکھتا ہے اور تنظیم میں ایک عام کارکن بھی اپنی محنت کے بل بوتے پر بڑی ذمہ داری تک پہنچ سکتا ہے۔ خود اپنے نائب وزیر اعلیٰ بننے کو انہوں نے بی جے پی کی کارکن اساس کام کرنے کی ثقافت کی مثال بتایا۔ دیوڑا نے کارکنوں سے مرکزی اور ریاستی حکومت کی کامیابیوں کو گھر گھر پہنچانے اور بوتھ کی سطح تک تنظیم کو مضبوط کرتے ہوئے رائے دہندگان سے وسیع رابطہ قائم کرنے کی اپیل کی۔
بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری نے کہا کہ دتیا کا بی جے پی کنبہ ہمیشہ تنظیم کی مضبوطی کے لیے متحد رہا ہے۔ انہوں نے سینئر لیڈر ڈاکٹر نروتم مشرا کی رہنمائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی محبت اور لگن ہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کارکنوں کی محنت اور عوام کے آشیرواد سے بی جے پی دتیا ضمنی انتخاب میں تاریخی فتح درج کرے گی۔
کارکن کنونشن سے ریاستی حکومت کے وزیر ایندل سنگھ کنسانا، ریاستی جنرل سکریٹری راہل کوٹھاری، رکنِ پارلیمنٹ سندھیا رائے اور ضلع صدر رگھوویر شرن کشواہا سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ریاستی میڈیا انچارج آشیش اوشا اگروال، رکن اسمبلی پردیپ اگروال سمیت بڑی تعداد میں عوامی نمائندے اور پارٹی عہدیداران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن