
نئی دہلی، 12 جولائی (ہ س)۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز اور زمبابوے کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں۔ بولنگ آل راو¿نڈر ہرشیت رانا اور اسپنر ورون چکرورتی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ بی سی سی آئی نے ان دونوں کھلاڑیوں کے متبادل کا بھی اعلان کیا ہے۔
بی سی سی آئی نے اتوار کو اعلان کیا کہ ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی20 کے دوران ہرشیت رانا کو اچانک دائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف محسوس ہوئی۔ بعد کے اسکینوں سے گریڈ 1 کے ہیمسٹرنگ کی چوٹ کا انکشاف ہوا۔ انہیں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر کردیا گیا ہے اور وہ مزید جانچ اور علاج کے لیے بی سی سی آئی سینٹر آف ایکسی لینس کو رپورٹ کریں گے۔
انگلینڈ کے خلاف تیسرے T20I کے دوران چکرورتی کو بھی اچانک بائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف محسوس ہوئی۔ ایم آر آئی اسکین نے بعد میں گریڈ 2 کے ہیمسٹرنگ کی چوٹ کا انکشاف کیا۔ طبی ماہرین کے مشورے کی بنیاد پر انہیں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر کردیا گیا ہے۔ وہ مزید علاج کے لیے بی سی سی آئی سینٹر آف ایکسی لینس کو رپورٹ کریں گے۔
دو زخمی کھلاڑیوں کے متبادل کا اعلان کرتے ہوئے، بی سی سی آئی نے کہا کہ مردوں کی سلیکشن کمیٹی نے بالترتیب ہرشیت رانا اور ورون چکرورتی کی جگہ پرنس یادو اور روی بشنوئی کو ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز 4-0 سے ہارنے کے بعد، ہندوستانی ٹیم 14 جولائی سے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ اس کے بعد ٹیم تین میچوں کی T20 سیریز کے لیے زمبابوے کا سفر کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 23 جولائی کو ہرارے میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ