
نئی دہلی، 12 جولائی (ہ س)۔ انگلینڈ کی خواتین کرکٹ کی سابق کپتان ہیتھر نائٹ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ لارڈز میں بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ ان کا آخری بین الاقوامی میچ ہوگا۔
ہیتھر نائٹ ان دنوں لارڈز میں ہندوستانی خواتین ٹیم کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہیں اور انہوں نے یہ اعلان اس میچ کے دوران کیا۔ ہیتھر کا یہ اعلان ان کے 16 سالہ طویل کیریئر کے اختتام کی علامت ہے۔ نائٹ نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 2010 میں کیا۔ اپنے کیریئر میں، انہوں نے کل 320 بین الاقوامی میچز (بشمول بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ) کھیلے، جس میں بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سمیت 160 ون ڈے، 145 ٹی 20 انٹرنیشنل اور 15 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔
اس ٹیسٹ سے پہلے، نائٹ نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 7,988 رنز اور چھ سنچریاں اسکور کی تھیں۔ ہیتھر نائٹ نے 2016 سے 2025 تک انگلینڈ کی خواتین ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ اس دوران انہوں نے 199 میچوں میں ٹیم کی قیادت کی، ان میں سے 134 میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی کپتانی میں، ٹیم نے بہت سی بڑی کامیابیاں حاصل کیں، لیکن ان کی سب سے یادگار کامیابی 2017 میں ہوئی، جب انگلینڈ نے لارڈز میں آئی سی سی خواتین کا ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے ایک بیان میں ہیتھر نائٹ نے کہا کہ میں انگلینڈ کی کرکٹر کے طور پر جو سفر طے کر چکی ہوں اس کے لیے میں ناقابل یقین حد تک شکر گزار اور اعزاز کی حامل ہوں، اس سفر کو چھوڑنا مشکل ہے کیونکہ ڈریسنگ روم اور وہاں کے لوگ 16 سال سے میری زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔
نائٹ نے مزید کہا،’میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے چند بہترین کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کاموقع ملا جنہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا، مجھے متاثر کیا، اور میرے پورے کیریئر میں میرا ساتھ دیا۔ میں اپنے ساتھیوں، کوچز اور معاون عملے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ میں خاص طور پر طبی عملے کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔مجھے نہیں پتہ کہ میری جسم300سے زیادہ کرکٹ میچوں کو کیسے جھیل پائی ہے۔ انہیں میری بہت دیکھ بھال اور محنت کرنی پڑرہی ہے اور میں ان کی شکرگزار ہوں۔
انہوں نے کہا، ’میں اپنے خاندان اور دوستوں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جو سکھ اور دکھ میں میرے ساتھ کھڑے رہے۔قدآور کھلاڑی نے مزید کہاکہ ایک چھوٹی لڑکی کی شکل میں لڑکوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے یہ تجربہ کرنے کا موقع ملے گا۔ لارڈز میں اس تاریخی ٹیسٹ میچ کے ساتھ کھیل کو الوداع کہنا درست محسوس ہوتا ہے۔ یہ 16 سال حیرت انگیز رہے، اور میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں۔
انگلینڈ کی خواتین ٹیم کی منیجنگ ڈائریکٹر کلیئر کونر نے کہا کہ ہیتھر کے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے لیے اس سے بہتر وقت نہیں ہو سکتا تھا، خاص طور پر لارڈز کے اس تاریخی موقع پر، جہاں انھوں نے نو سال قبل انگلینڈ کو ورلڈ کپ میں شاندار فتح دلائی۔
انگلینڈ ویمن کرکٹ میں ہیتھر کی شراکت غیر معمولی رہی ہے۔ اپنے پورے کیریئر میں انہوںنے دیانتداری اور عزم کے ساتھ ٹیم کی قیادت کی ہے۔ ہیتھر نے نوجوان کرکٹرز کی ایک نسل کو متاثر کیا اور بین الاقوامی کرکٹ کو ایک مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ ای سی بی میں ہر کسی کی طرف سے، میں انگلینڈ کی خواتین کی کرکٹ میں ان کی شراکت کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔
ہیتھر نائٹ سے پہلے ٹیمی بیومونٹ نے بھی اعلان کیا تھا کہ لارڈز ٹیسٹ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan