
گوہاٹی، 11 جولائی (ہ س)۔ انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) کلب نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی نے اپنے 27-2026 سیزن سے پہلے اپنے دو ہندوستانی کھلاڑیوں ڈیفینڈرعاشر اختر اور گول کیپر دپیش چوہان کے معاہدے میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ فٹ بال کلب نے ہفتہ کو اس کی باضابطہ معلومات فراہم کی۔
عاشر اختر نے کلب کے ساتھ ایک سال کا نیا معاہدہ کیا ہے جبکہ دپیش چوہان نے ایک طویل مدتی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ 29-2028 کے سیزن کے اختتام تک ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔ معاہدے میں کلب کے لیے اپنے معاہدے میں مزید دو سال کی توسیع کا متبادل بھی شامل ہے۔
عاشر اختر نے 2023 میں نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ میں شمولیت اختیار کی اور تب سے وہ ٹیم کے سب سے قابل اعتماد کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے 2024 میں کلب کے پہلے ڈیورنڈ کپ کا خطاب دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کے بعد2025 میں، نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ نے مسلسل دوسری بار ڈیورنڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی اور 30سال سے زائد عرصے میں اس باوقار ٹورنامنٹ کا کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
عاشر اختر نے 2025 ڈیورنڈ کپ فائنل میں پہلا گول کیا ، جس کے بعد نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ نے ڈائمنڈ ہاربر ایف سی کو 6-1 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔
معاہدے میں توسیع کے بعد عاشر اختر نے کہا، ”میں نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے بہت خوش ہوں، گزشتہ دو سیزن میرے لیے شاندار رہے اور کلب کی تاریخ کا حصہ بننا فخر کی بات ہے۔ کلب نے مجھ پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، میں اس کے لیے میں شکرگزار ہوں۔ میں اپنی پوری کوشش جاری رکھوں گا، اپنے ٹیم کے ساتھیوں کو ہر حال میں نئی کامیابیوں تک پہنچانے کے لیے اپنی پوری کوشش، مدد اور محنت جاری رکھوں گا۔“
حالیہ اے ایف سی انڈر-23 ایشیائی کپ کوالیفائرز کے لیے ہندوستانی انڈر 23 ٹیم کا حصہ رہے گول کیپر دپیش چوہان نے کہا”مجھ پر اعتماد ظاہر کرنے کے لیے میں کلب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہاں آنے کے بعد، میں نے کوچ، ٹیم کے ساتھیوں اور کلب سے وابستہ ہر ایک سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ہر دن اپنے آپ کو بہتر کرنے کا موقع ہے اور میں نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ کے لیے اپنا صد فیصد دینے کے لئے پرجوش ہوں۔ آنے والے برسوں میں ٹیم کے ساتھ نئی کامیابیاں حاصل کرنے کا انتظار ہے۔“
ان دونوں کھلاڑیوں کے معاہدے میں توسیع سے چند روز قبل ہی کلب نے مراکش کے اسٹار فارورڈ علاءالدین ازرائی کے ساتھ دو سال کا نیا معاہدہ بھی کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد