
- نئی دہلی میں 12ویں ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران دو طرفہ فوجی تعاون کا جائزہ
نئی دہلی، یکم جولائی (ہ س) ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے بدھ کو نئی دہلی میں ایک میٹنگ ہوئی۔ ہندوستان-ملائیشیا سب کمیٹی (ایس سی ایم سی) کی 12ویں میٹنگ کے دوران، دونوں فریقوں نے دو طرفہ فوجی تعاون کے تمام پہلووں کا ایک جامع جائزہ لیا اور اب تک کی پائیدار پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ باقاعدہ دو طرفہ سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے دونوں فریقین نے فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
وزارت دفاع میں جوائنٹ سکریٹری امیتابھ پرساد اور ملائیشیا کی مسلح افواج کے اسسٹنٹ چیف آف اسٹاف (دفاعی آپریشنز اور تربیت) میجر جنرل عامر محمود بن عبدالرحمن کی مشترکہ صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں باہمی تبادلوں، مشترکہ فوجی مشقوں، تربیت، اہلکاروں کی سطح پر بات چیت، دفاعی صلاحیتوں کی تعمیر، باہمی تعاون اور باہمی رابطہ ، باہمی تبادلوں، پیشہ ورانہ سطح کے مکالمے اور ایک دوسرے کے فوجی تربیتی اداروں اور کورسز میں شرکت پر خصوصی زور دیا گیا۔
وفود نے دفاعی صنعت، دفاعی ٹیکنالوجی، سائبرسیکیوریٹی، اور انسانی امداد اور ڈیزاسٹر ریلیف (ایچ اے ڈی آر) جیسے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے آسیان وزرائے دفاع کی میٹنگ-پلس (اے ڈی ایم ایم-پلس) کے فریم ورک کے اندر ایک دوسرے کی فعال شرکت کو سراہا اور انسداد دہشت گردی کے ماہر ورکنگ گروپ کے تحت عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفود نے علاقائی اور عالمی سلامتی کے منظر نامے سے متعلق مختلف پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ میں ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان بڑھی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک اہم ستون کے طور پر دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر خصوصی زور دیا گیا۔ دونوں فریقوں نے باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال ہند-بحرالکاہل کے لیے مشترکہ وڑن پر مبنی دو طرفہ دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ اس میٹنگ کے نتائج آنے والی ہندوستان-ملائیشیا دفاعی تعاون میٹنگ میں بامعنی بات چیت کی مضبوط بنیاد رکھیں گے۔
دورے کے دوران، ملائیشیا کے وفد نے دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ سے غیررسمی ملاقات کی۔ وفد نے نئی دہلی میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ڈی پی ایس یو کی عمارت کا بھی دورہ کیا۔ قبل ازیں ملائیشیا کے وفد کے سربراہ نے قومی جنگی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر ہندوستان کے بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی