
نئی دہلی، یکم جولائی (ہ س)۔ ہندوستان نے پاکستان کے فاروق آباد میں 125 سال پرانے گرودوارہ سری گرو سنگھ سبھا صاحب کو منہدم کرنے کی خبر کو 'انتہائی پریشان کن' اور 'انتہائی قابل مذمت اور دانستہ اقدام' قرار دیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات اور مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کو میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ وزارت خارجہ سکھوں کی اس مقدس عبادت گاہ کے خلاف توڑ پھوڑ کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے مقامی حکام یا ایویکیوئی ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ کی طرف سے کوئی ٹھوس کارروائی نہ کرنے کی رپورٹوں پر بھی سنگین تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان نے کہا، بدقسمتی سے، یہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں ہے، جیسا کہ ہم نے پہلے بھی ایسی ہی رپورٹیں دیکھی ہیں۔ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان اس معاملے کی جلد از جلد تحقیقات کرے اور اس گھناونے فعل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ گردوارہ صاحب کے تباہ شدہ حصوں کی جلد از جلد مرمت اور دوبارہ تعمیر کی جانی چاہیے۔ مزید ، حکومت پاکستان کو اپنی اقلیتی برادریوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے اور ان کی مذہبی عبادت گاہوں اور تشدد کے ماحول کو مکمل طور پر ختم کرنا چاہیے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی