
نئی دہلی، 30 جون (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے 5 سے 18 جولائی 2026 تک ہونے والے بیلجیم ایکسپوژر ٹور کے لیے منگل کے روز 22 رکنی بھارتی جونیئر (انڈر-21) مرد ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ دورہ نئے ہیڈ کوچ فریڈرک سوئیز کی رہنمائی میں ٹیم کا پہلا بین الاقوامی اسائنمنٹ ہوگا اور رواں سال ہونے والے ایف آئی ایچ جونیئر مرد ایشیا کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ مانا جا رہا ہے۔
بھارتی ٹیم اس دورے کے دوران یورپ کی مضبوط ٹیموں کے خلاف چھ مقابلے کھیلے گی۔ بھارت آسٹریا اور بیلجیم کے خلاف دو، دو میچ کھیلے گا، جبکہ جرمنی اور نیدرلینڈز کے خلاف ایک، ایک مقابلہ ہوگا۔
ٹیم کی کمان ڈیفنڈر انمول ایکا کو سونپی گئی ہے۔ گول کیپر کے طور پر وویک لکڑا اور کنال تیوَاتیا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
تجربہ کار کھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں جگہ
بھارتی ٹیم میں چار ایسے کھلاڑی شامل ہیں، جو ایف آئی ایچ جونیئر مرد ورلڈ کپ تمل ناڈو 2025 میں بھارت کو کانسے کا تمغہ دلانے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ ان میں انمول ایکا، آدروہت ایکا، اجیت یادو اور روہت کلو شامل ہیں۔
ہیڈ کوچ فریڈرک سوئیز نے کہا کہ یہ دورہ کھلاڑیوں کے لیے تکنیکی، حکمتِ عملی اور ذہنی اعتبار سے انتہائی اہم ہوگا۔
انہوں نے کہا، ہم چاہتے ہیں کہ اس دورے سے ٹیم کے کھیل میں تال میل، حکمتِ عملی کے نظم و ضبط اور اہم مواقع پر بہتر کارکردگی دیکھنے کو ملے۔ اس کے ساتھ ہی کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی ہاکی کے چیلنجز کو سمجھنے اور طویل عرصے تک مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا تجربہ حاصل ہوگا۔
بھارت کا پروگرام
7 جولائی – آسٹریا
8 جولائی – آسٹریا
10 جولائی – بیلجیم
13 جولائی – جرمنی
14 جولائی – بیلجیم
17 جولائی – نیدرلینڈز
بھارتی جونیئر مرد ہاکی ٹیم
گول کیپر: وویک لکڑا، کنال تیوَتیا۔
ڈیفنڈر: انمول ایکا (کپتان)، روہت کلو، چراغ، رویندر، پرشانت بارلا، سنجیت تِرکی، وی منی مارن۔
مڈفیلڈر: آدروہت ایکا، ہرپال، جیت پال، مکیش ٹوپّو، منّو ملک، رتک لاکڑا۔
فارورڈ: اجیت یادو، پربدیپ سنگھ، ارجن ہرگڈے، آریان جیس، لَوَنور سنگھ، محمد کونین داد، گروسیوک سنگھ۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد