
حیدرآباد ، 30 جون (ہ س)۔
چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے ریاست میں جاری ایس آئی آر مہم کے سلسلہ میں ضلعی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کااہتمام کیا۔ انہوں نے بوتھ لیول آفیسرس اورالیکشن کمیشن کے عہدیداروں کی ستائش کی جنہوں نے مہم کے آغاز کے اندرون چاریوم تقریباً 1.73 کروڑانومیریشن فارمس کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کو ہدایت دی کہ فارمس کی مقررہ مدت کے دوران تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے بوتھ لیول آفیسرس سے تعاون کریں۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ بوتھ لیول آفیسرس کو الیکشن کمیشن کے قواعد پر سختی سے عمل کرنا چاہئے ۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں اور بوتھ لیول ایجنٹس پر زور دیا کہ وہ ایس آئی آر مہم میں سرگرمی سے حصہ لیتے ہوئے رائے دہندوں کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے بوتھ لیول آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ فارمس خانہ پری کے سلسلہ میں عوام کی رہنمائی کریں تاکہ فارمس میں غلطی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس اوردیگرعہدیداروں کوبنیادی سطح پراس کام کی نگرانی کرتے ہوئے بی ایل اوزکو درپیش مسائل کی یکسوئی کرنی چاہئے۔ انہوں نے رجسٹریشن آفیسرس کو ہدایت دی کہ وقتاً فوقتاً دورہ کرتے ہوئے ایس آئی آر مہم کا جائزہ لیں۔ سدرشن ریڈی نے رائے دہندوں میں شعور بیداری کے علاوہ ووٹر ہیلپ لائین نمبر 1950 اور ہیلپ ڈیسک نمبرس سے واقف کرانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ عوام کی رہنمائی کریں ۔ انہوں نے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بوتھ لیول آفیسرس کے لئے ایک اورمرحلہ ٹریننگ کامنعقد کریں تاکہ فارمس کی خانہ پری میں وہ رائے دہندوں کی مدد کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ مقررہ مدت کے دوران فارمس کی تقسیم اور ان کی خانہ پری پرتوجہ دی جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر وینکٹیشور ریڈی ، ڈپٹی سی ای او جی ایس چاری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق