
نئی دہلی،30 جون (ہ س)۔2 جون سے حجاج کرام کی وطن واپسی کے آغاز کے بعد رات 3:27 بجے سعودی عربیہ ایر لائن کی 54ویں اور آخری چارٹرڈ پرواز ایس وی 5900 کی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر آمد کے ساتھ ہی، شمالی ہندوستان کے سب سے بڑے حج امبارکیسن پوائنٹ سے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر انتظام فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہونے والے21032 حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ مکمل ہوگیا۔
ایئر پورٹ پر چیر پرسن محترمہ کوثر جہاں،ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی،ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی اور حج کمیٹی کے دیگر اسٹاف نے آخری قافلے کے وطن واپس ہونے والے318حجاج کرام کا استقبال کیا۔اس موقعے پر ایر پورٹ اور سعودیہ ایر لائن اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے افسران اور اسٹاف اور حجاج کی خدمت و رہنمائی میں مصروف عمل مختلف سماجی و رفاہی تنظیموں تبلیغی جماعت، دعوت اسلامی ہند، مسلم وکاس ایکتا ویلفیر آرگنائزیشن، العرفات خادم الحجاج ٹرسٹ، الرشید خادم الحجا ٹرسٹ، الحیات ویلفیئر سوسائٹی وغیرہ کے رضاکاران بھی موجود رہے۔
حج کمیٹی کی چیر پر سن کوثر جہاں نے پرسکون حج کی تکمیل پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوے دہلی سرکار،حکومت ہند، دہلی ایر پورٹ،سعودی ایر لائن اور دیگر تمام متعلقہ محکموں، ایجنسیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ اس سال دوران حج خلیجی ممالک کی تشویشناک صورت حال میں بغیر کسی رکاوٹ کے محفوظ اور پرسکون حج کی تکمیل وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں سب کا وکاس،سب کا پریاس کا عملی اظہار اور روشن مثال ہے۔حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے حج آپریشن 2026 کے تحت دلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعے انجام سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوے بتایا کہ سال رواں 2026 میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے اہتمام میں گزشتہ 18 اپریل سے20 مئی تک مقدس سفر حج پر روانہ ہو کر اور 2 جون سے 30 جون تک وطن واپس ہونے والے حجاج کرام میں ملک کے 29 صوبوں کے21032حجاج کرام شامل تھے۔ ان ریاستوں میں دہلی کے3212حجاج کے علاوہ ہریانہ کے 1,626، اتر پردیش کے 10,992، بہار کے 1,374، جموں و کشمیر کے 1,053، اتراکھنڈ کے 1,348، راجستھان کے 444، جھارکھنڈ کے 230، مدھیہ پردیش کے 209، ہماچل پردیش کے 67، پنجاب کے 308، گجرات کے 7، مغربی بنگال کے 60، لداخ کے 2، آسام کے 26، چھتیس گڑھ کے 14، کرناٹک کے 7، اروناچل پردیش کے 2، چندی گڑھ کے 31، اڈیشہ کے 9، تمل ناڈو کے 3، تلنگانہ کے 2، تریپورہ کے 2 اور مہاراشٹر کے 4 حجاج شامل تھے۔ان حجاج میں خواتین کی تعداد 9,684 جبکہ مردوں کی تعداد 11,348 تھی۔ اسی طرح قلیل مدتی حج پر جانے والے حجاج کی تعداد 2,000 اور بغیر محرم حج پر جانے والی خواتین کی تعداد 43 تھی رہی۔ قابل ذکر ہے کہ حج 2026 کے حجاج کی وطن واپسی مکمل ہونے کے پہلے آیندہ حج 2027 کے حج کے لیے درخواست فارم بھرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اور 20 جولائی تک جاری رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais