
حیدرآباد، 30 جون (ہ س)۔
وزیرہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ موسیٰ ندی ترقیاتی پروجیکٹ کے سلسلہ میں کسی شخص سے ناانصافی نہیں کی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے پروجیکٹ کیلئے اراضی کے حصول کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی حوالہ کرنے والے افراد کوحکومت کی جانب سے مناسب معاوضہ اوربازآباد کاری کی جائے گی۔ انہوں نے مکانات سے محروم خاندانوں کوڈبل بیڈروم مکان الاٹ کرنے کا اعلان کیا۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ اراضی سے محروم افراد کومعاوضہ کے علاوہ ان کی بازآباد کاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی ریونت ریڈی پروجیکٹ کی تکمیل کے بارے میں سنجیدہ ہیں تاکہ اس تاریخی ندی کو آلودگی سے پاک بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کی ترقی اورسیاحتی اورتجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصد ہے۔ موسیٰ ندی کی صفائی کے ذریعہ حیدرآباد کو ایک نئی زندگی حاصل ہوگی اورآلودگی کاخاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے معیارزندگی میں اضافہ ہوگا۔ سرینواس ریڈی نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ اراضی کے حصول کاعمل تیز کریں اورعوام کو حکومت کے بازآبادکاری منصوبہ سے واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی تکمیل سے حیدرآباد ایک سیاحتی مرکز کے طورپرابھرے گااورنوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرناحکومت کی ذمہ داری ہے۔ ندی کے اطراف بسنے والے خاندانوں کو بارش کی صورت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق