
علی گڑھ،30 جون (ہ س)۔
ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سبکدوش ہونے والے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری کے اعزاز میں کالج کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی جانب سے ایک یادگار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیااور ادارے کے لیے ان کی نمایاں خدمات اور گرانقدرتعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ پروفیسرآر کے تیواری نے 26 فروری 2022 کو ڈینٹل کالج کے پرنسپل کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی تھی اور 30 جون 2026 کو وہ ملازمت سے سبکدوش ہوئے۔ ان کی قیادت میں ادارے نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
اپنے پیش رو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر نریندر دیو گپتا نے کہا کہ پروفیسر تیواری کی قیادت میں ڈینٹل کالج نے انڈیا ٹوڈے رینکنگ 2026 میں ملک کے ممتاز ڈینٹل کالجوں میں نواں مقام پاکر قومی سطح پر نمایاں شناخت حاصل کی۔ اس عرصے کے دوران کالج میں تعلیمی توسیع بھی غیر معمولی رہی اور ڈینٹل سائنسز کی تقریباً تمام شاخوں میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام شروع کیے گئے، جس سے ادارے کی تدریسی اور تحقیقی حیثیت مزید مستحکم ہوئی۔ تقریب کے دوران تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے متعدد اراکین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر تیواری کی حوصلہ افزا رہنمائی، اعلیٰ انتظامی صلاحیت، انکساری اور ہمدردانہ قیادت کو سراہا۔ مقررین نے کہا کہ انہوں نے ادارے میں تعلیمی معیار، باہمی تعاون، پیشہ ورانہ ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اپنے الوداعی خطاب میں پروفیسر آر کے تیواری نے تدریسی و غیر تدریسی عملے کے اراکین، طلبہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کا اپنے دورِ کار میں مسلسل تعاون اور اعتماد پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج کی تمام دستیابیاں اجتماعی محنت، لگن اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور عملے پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عمدہ کارکردگی کے لیے کوشاں رہیں اور ادارے کی مزید ترقی و کامیابی کے لیے خود کو وقف رکھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ