اے ایم یو میں پروفیسر محمد گلریز کی سبکدوشی پر پُروقار الوداعی تقریب منعقد
اے ایم یو میں پروفیسر محمد گلریز کی سبکدوشی پر پُروقار الوداعی تقریب منعقد علی گڑھ،30 جون(ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ مغربی ایشیائی و شمال افریقی مطالعات، فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے پروفیسر اور سابق قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد
الوداعی تقریب


اے ایم یو میں پروفیسر محمد گلریز کی سبکدوشی پر پُروقار الوداعی تقریب منعقد

علی گڑھ،30 جون(ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ مغربی ایشیائی و شمال افریقی مطالعات، فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے پروفیسر اور سابق قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز ایک شاندار تدریسی، تحقیقی اورانتظامی خدمات پر مشتمل کریئر کے بعد آج یونیورسٹی کی ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔

ان کے اعزاز میں فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز میں ایک الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں اساتذہ، رفقائے کار اور خیرخواہوں نے یونیورسٹی سے ان کی طویل وابستگی اور تعلیمی و انتظامی میدان میں ان کی گراں قدرخدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب میں انکی اہلیہ وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، ڈین فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز پروفیسر آفتاب عالم سمیت سینئر اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور غیر تدریسی عملے کے اراکین موجود تھے۔

پروفیسر محمد گلریز نے 2 اپریل 2023 سے 22 اپریل 2024 تک اے ایم یو کے قائم مقام وائس چانسلر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جبکہ اس سے قبل وہ 22 جون 2022 سے 2 اپریل 2023 تک پرو وائس چانسلر رہے۔ اس کے علاوہ وہ فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، صدر شعبہ مغربی ایشیائی و شمال افریقی مطالعات، کانفلکٹ ریزولوشن اینڈ پیس اسٹڈیز پروگرام کے بانی رابطہ کار، اور سینٹر فار ساؤتھ افریقن اینڈ برازیلین اسٹڈیز کے بانی ڈائریکٹر جیسے اہم عہدوں پر فائز رہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ پروفیسر گلریز کے وائس چانسلرشپ کے دور میں یونیورسٹی میں تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔ ان کی قیادت، انتظامی بصیرت، ادارہ جاتی وابستگی اور یونیورسٹی کی علمی ترقی کے لیے گہری سنجیدگی سے عبارت تھی۔ انھیں کے دور میں بوہرہ روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے اے ایم یو کے کالج آف فارمیسی کی عمارت کی تعمیر کے لیے فراخدلانہ عطیہ کیا۔ سر سید اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر شافع قدوائی نے پروفیسر گلریز کے علمی مزاج اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فکری روایات سے ان کی گہری وابستگی کو سراہا۔ سینٹر آف کنٹینیونگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے علمی سرگرمیوں اور توسیعی پروگراموں کی حوصلہ افزائی میں پروفیسر گلریز کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق سنٹر کو ایک مکمل شعبے میں تبدیل کرنے کی تجویز کی تیاری میں پروفیسر کی کلیدی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ پروفیسر محمد گلریز کی علمی دلچسپیوں میں گلوبل گوورننس، بین الاقوامی تعلقات، کثیرثقافتی معاشرہ، تقابلی سیاست اور خصوصاً جنوبی و جنوب مغربی ایشیا اور صحارا کے جنوب میں واقع افریقی ممالک کے تناظر میں امن اور پائیدار ترقی جیسے موضوعات شامل ہیں۔ وہ 7 کتابوں اور مونوگراف کے مصنف یا مدیر ہیں، جبکہ ان کے 40 سے زائد تحقیقی مقالات، مضامین اور انسائیکلوپیڈیا میں شامل تحریریں شائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے پی ایچ ڈی اور ایم فل کے متعدد تحقیقی مقالات کی نگرانی کی ہے۔

بین الاقوامی سطح پر انہوں نے سری لنکا کی یونیورسٹی آف کولمبو میں آئی سی سی آر وزیٹنگ چیئر اور نیشنل یونیورسٹی آف روانڈا کے شعبہ سیاسی و انتظامی علوم میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ غربت میں کمی کے حکومت روانڈا کے پروجیکٹ میں گُڈگوورننس سے متعلق مشیر اور محقق بھی رہے۔ انہوں نے امریکہ، ایران، پاکستان، روانڈا، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ، برطانیہ، سعودی عرب، سری لنکا، قطر، کویت اور ترکی سمیت متعدد ممالک میں علمی پروگراموں، سیمیناروں اور کانفرنسوں میں شرکت کی۔

اپنے الوداعی خطاب میں پروفیسر محمد گلریز نے وائس چانسلر، اپنے رفقائے کار، اساتذہ، غیر تدریسی عملے کے اراکین اور طلبہ کا اپنے پورے کریئر کے دوران محبت اور تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو ان کی علمی اور ذاتی زندگی کا مرکزی حصہ رہا ہے اور یونیورسٹی کی مختلف حیثیتوں سے خدمت کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز رہا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی معیار، ادارہ جاتی نظم و ضبط اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں۔ شعبہ مغربی ایشیائی و شمال افریقی مطالعات کی صدر ڈاکٹر رخشندہ ایف فاضلی نے کلماتِ تشکر ادا کیے، جبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر رونق شاہی نے انجام دیئے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande