
اداکار رام چرن کا انتہائی متوقع اسپورٹس ڈرامہ فلم پیڈی اس جمعرات کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔ فلم کی ریلیز سے ٹھیک پہلے، پون کلیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں تیلگو فلم انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کی طرف توجہ مبذول کروائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی فلموں کو ریلیز کے آخری لمحات میں بے شمار رکاوٹوں اور دباو کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا اثر پوری انڈسٹری پر پڑتا ہے۔
پون کلیان نے پیڈی کی پوری ٹیم کو اپنی حمایت دیتے ہوئے کہا کہ ریلیز سے قبل پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال صرف کاسٹ اور پروڈیوسرز تک ہی محدود نہیں ہے، بلکہ پردے کے پیچھے موجود تکنیکی ماہرین، عملے اور دیگر کارکنوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے فلم انڈسٹری کے تمام طبقات کے مفادات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اپنے پیغام میں پون کلیان نے رام چرن کی سادگی اور لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے ہدایت کار بوچی بابو سنا کے مقامی ثقافت اور نچلی سطح کی کہانیوں کو بڑے پردے پر پیش کرنے کے انداز کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے پروڈکشن آرگنائزیشن میتری مووی میکرز کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بڑے پروجیکٹس کو سپورٹ کرنے کے لیے ہمت اور وژن کی ضرورت ہوتی ہے۔
پون کلیان نے تیلگو فلم انڈسٹری کے اندر زیادہ اتحاد اور کھلے مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر اس طرح کے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
حالانکہ تلنگانہ میں فلم کی ریلیز کو لے کر کچھ خدشات تھے لیکن آندھرا پردیش پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ اپنے پیغام کا اختتام کرتے ہوئے، پون نے پیڈی کی پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ فلم کامیابی کے ساتھ ملک اور دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی