
علی گڑھ, 28 جون (ہ س)۔
کانگریس کے تنظیمی استحکام کے دعوؤں کے درمیان اتوار کو علی گڑھ میں منعقدہ پارٹی کی پریس کانفرنس اس وقت ہنگامے کی نذر ہو گئی جب قومی سکریٹری اور اتر پردیش کے برج زون کے انچارج توقیر عالم کی موجودگی میں مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہو گئی۔ معمولی تلخ کلامی دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی اور لات گھونسوں تک جا پہنچی، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران مقامی کانگریسی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ اجلاس میں ایک بیرونی شخص داخل ہو گیا ہے۔ اسی بات پر تنازع بڑھا اور دونوں جانب سے تکرار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے کارکن ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے۔ قومی سکریٹری توقیر عالم کے سامنے ہی پارٹی کی مقامی گروہ بندی کھل کر سامنے آ گئی، جس سے موقع پر موجود رہنما بھی حیران رہ گئے۔
کانگریس کے شہر صدر نوید خان نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک نامعلوم شخص نشے کی حالت میں پریس کانفرنس میں داخل ہو گیا تھا، جسے پہلے کبھی پارٹی پروگراموں میں نہیں دیکھا گیا۔ جب اس سے باہر جانے کو کہا گیا تو اس نے مارپیٹ شروع کر دی۔ یہ بھی کہا جارہاہے ہے کہ جس شخص نے ہنگامہ کیا وہ پارٹی کے سیوا دل کے سینئر لیڈر آلوک گوڑ کے ساتھ پروگرا م میں پہنچا تھا۔تاہم سیاسی حلقوں میں اس واقعے کو کانگریس کی مقامی اندرونی کشمکش کا کھلا مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ قومی قیادت کی موجودگی میں کارکنوں کے درمیان ہونے والی مارپیٹ نے پارٹی کے تنظیمی دعوؤں پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا۔
اس سے قبل تنظیمی جائزہ اجلاس میں قومی سکریٹری توقیر عالم نے مختلف بلاک اور شہر صدور سے تنظیمی سرگرمیوں کی رپورٹ لی اور پارٹی کو مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا۔ بعد ازاں طلبہ کی گونج کے موضوع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی حکومت پر طلبہ کے ساتھ ناانصافی، تعلیمی بدعنوانی اور نجکاری کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا۔
سابق رکن اسمبلی وویک بنسل نے بھی امتحانات میں بار بار پیپر لیک ہونے کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر تعلیم سے اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔
پروگرام میں ضلع صدر ٹھاکر سومویر سنگھ، شہر صدر نوید خان، سابق رکن اسمبلی وویک بنسل، شیوراج جیون، روحی زبیری، ریکھا شرما، ہینا مرزا، حاجی نوشاد قریشی، آلوک گوڑ، صلاح الدین واسی، پورن چند دیشمکھ، اوم پرکاش سنگھ، ڈونگر سنگھ، کیلاش والمیکی، ڈاکٹر دھرمیندر لودھی، شاہد خان سمیت دیگر کانگریسی رہنما موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ