
حیدرآباد،28جون(ہ س)۔بی جے پی تلنگانہ کے سابق ریاستی ترجمان میر فراست علی باقری نے یومِ عاشورہ کے موقع پر حضرت امام حسینؓ کی حق، انصاف، عزتِ نفس اور ظلم کے خلاف لازوال جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ یادِ قربانی، ایثار اور احتسابِ نفس کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کی حیاتِ مبارکہ آج بھی ایمان، خدمتِ خلق اور ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتی ہے۔دسویں محرم کے جلوسِ عزا کے کامیاب انعقاد پر میر فراست علی باقری نے حکومتِ ہند، حکومتِ تلنگانہ اور مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جناب جی کشن ریڈی، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ سی وی آنند، آئی پی ایس، کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار، آئی پی ایس، ڈی سی پی چارمینار زون کھرے کرن پربھاکر، آئی پی ایس، پرنسپل سیکریٹری ماحولیات احمد ندیم، آئی اے ایس، چیف وائلڈ لائف وارڈن ڈاکٹر ونئے کمار، آئی ایف ایس، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، آئی اے ایس، زونل کمشنر چارمینار کے ستیہ نارائنا، سیکریٹری محکمہ صحت ڈاکٹر کرسٹینا زیڈ چونگتھو، آئی اے ایس، ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر اے نریندر کمار، وائس چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر ٹی جی ایس آر ٹی سی یارم ناگی ریڈی، آئی پی ایس، منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے اشوک ریڈی، آئی اے ایس، اسپیشل چیف سیکریٹری وکاس راج، آئی اے ایس، ضلع کلکٹر حیدرآباد ڈاکٹر پریانکا آلا، آئی اے ایس، ضلع مجسٹریٹ علی گڑھ اویناش کمار، آئی اے ایس اور سی ای او ٹی جی ایس ڈبلیو بی محمد اسداللہ سمیت تمام متعلقہ حکام کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفی حضرت امام حسینؓ، نے 61 ہجری میں میدانِ کربلا میں اپنے اہلِ بیت اور وفادار اصحاب کے ساتھ عظیم قربانی پیش کر کے حق و صداقت کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔میر فراست علی باقری نے کہا کہ تلنگانہ اور ہندوستان میں صدیوں سے یومِ عاشورہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے جہاں مجالسِ عزا، جلوس، مرثیہ و نوحہ خوانی کے ذریعے امام حسین کی یاد تازہ کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی اصل طاقت اس کی مذہبی ہم آہنگی، مشترکہ تہذیب اور ظلم و ناانصافی کے خلاف متحدہ جدوجہد میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عاشورہ کے آفاقی پیغام، یعنی حق، عدل، انسان دوستی اور باہمی احترام کو اپنی زندگیوں میں اپناتے ہوئے ایک انصاف پسند، پرامن اور مضبوط ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais