
تلنگانہ حکومت معذور افراد کے مراکز کے لیے ای-آٹوز لانچ کیے : ریاستی وزیرحیدرآباد، 27 جون (ہ س)۔
تلنگانہ کی پنچایت راج، دیہی ترقی اورخواتین و اطفال کی فلاح و بہبود کی وزیرسیتااکا (ڈاکٹرداناساری انسویا) نے ہفتہ کومعذورافراد کے 14 محلہ مراکز کے لیے ای-آٹوز لانچ کیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معذورافراد کو ہمدردی نہیں بلکہ مساوی مواقع اورعزت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ اقدام جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون میں ہیلن کیلرکی یومِ پیدائش کے موقع پرشروع کیا گیا۔ وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت تعلیم، روزگار، بحالی اورروزی روٹی کے شعبوں میں معذور افراد کے لیے مواقع بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای-آٹوز بچوں کو ان کے گھروں سے محلہ مراکز تک مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے، تاکہ انہیں فزیوتھیریپی، اسپیچ تھیریپی، خصوصی تعلیم اور مشاورت تک باقاعدہ رسائی حاصل ہو سکے۔ سیتااکا نے بتایا کہ ایس ای آر پی نے ریاست بھر میں معذور افراد کے 13,000 سے زائد سیلف ہیلپ گروپس قائم کیے ہیں، جن میں 82,000 سے زیادہ اراکین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹری نِدھی کے ذریعے 38.16 کروڑ روپے اور خواتین گروپس کے ذریعے 4.13 کروڑ روپے کے قرضے، نیز 2,248 مستفیدین کو روزگار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جو حکومت کے فلاحی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ ریاست کے 26 اضلاع میں 74 محلہ مراکز اس وقت تقریباً 3,000 معذور بچوں کو بحالی کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے انڈین آئل کارپوریشن کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے سی ایس آرفنڈزکے ذریعے ای-آٹو منصوبے کی حمایت کی اوراعلان کیا کہ حکومت محلہ مراکزکومزید مضبوط اوروسیع کرے گی تاکہ خدمات ہر مستحق تک پہنچ سکیں۔ تقریب میں معذور بچوں کی کئی ماؤں نے جذباتی تاثرات پیش کیے اور کہا کہ محلہ مراکز میں باقاعدہ تھراپی نے ان کے بچوں کی زندگی بدل دی ہے، جس سے نقل و حرکت، بات چیت اور اعتماد میں بہتری آئی ہے اور ان کے خاندانوں کومستقبل کے لیے نئی امید ملی ہے۔
۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق