
حیدرآباد، 27 جون (ہ س)۔تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی نے موسی ریور فرنٹ منصوبے کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی مناسب بحالی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ایم سی آر ایچ آر ڈی بودھی پویلین میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہاؤزنگ وزیرپونگولیٹی سرینواس ریڈی کے ساتھ اس پرجوش منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ موسی ندی کے کنارے رہنے والے خاندانوں کو بحالی اور بازآبادکاری پروگرام کے تحت ڈبل بیڈ روم مکانات الاٹ کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو زمین مالکان منصوبے کے لیے اپنی زمین دینے پر آمادہ ہیں، انہیں حکومتی پالیسی کے مطابق یا توٹرانسفر ایبل ڈیولپمنٹ رائٹس (ٹی ڈی آر) یا مناسب مالی معاوضہ فراہم کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے دفاعی زمین پر موجود ڈھانچوں کو منتقل کرنے کی ہدایت دی، جوگاندھی سروور منصوبے کے لیے حاصل کی جانے والی ہے۔
عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لیے ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی کہ نیکلس روڈ پرایک موسی ایکسپیرینس سنٹرقائم کیاجائے۔ یہ مرکز موسی ریورفرنٹ منصوبے کے مختلف پہلوؤں اور ترقیاتی کاموں کوپیش کرے گااورعوام سے تجاویز و آراء جمع کرنے کا پلیٹ فارم بھی ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کے بروقت نفاذ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، شفافیت اور عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن،موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (ایم آر ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر نرسمہا ریڈی، جوائنٹ منیجنگ ڈائریکٹر گوتمی، ایچ ایم ڈی اے کمشنرسرفراز احمد، سی ایم او سکریٹری مانک راج اور بلدیہ انتظامیہ کے سینئرحکام شریک ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق