
ایف آئی ایچ پرو لیگ : ہندوستان نے پاکستان کو 1-7 سے ہرایا
لندن، 27 جون (ہ س)۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ پرو لیگ کے لندن مرحلے میں اپنے روایتی حریف پاکستان کو جمعہ کی دیر رات 1-7 سے کراری شکست دے کر شاندار جیت درج کی۔ لی ویلی ہاکی اینڈ ٹینس سینٹر میں کھیلے گئے مقابلے میں ابتدائی جھٹکے کے بعد ہندوستان نے لگاتار سات گول داغتے ہوئے پاکستان کو پوری طرح میچ سے باہر کر دیا۔
ہندوستان کی جانب سے سکھجیت سنگھ (20 واں منٹ)، کپتان ہرمن پریت سنگھ (26 واں)، ہاردک سنگھ (34 واں)، جگراج سنگھ (35 واں)، ابھشیک (41 واں)، راج کمار پال (44 واں) اور دلپریت سنگھ (54 واں) نے گول کیے۔ پاکستان کے لیے واحد گول ابو بکر محمود (13 واں منٹ) نے کیا۔ ہندوستانی مڈ فیلڈر ہاردک سنگھ کو ان کی شاندار کارکردگی پر ’پلیئر آف دی میچ‘ منتخب کیا گیا۔
میچ کا آغاز تیز رفتار رہا۔ ہندوستان نے ابتدائی ڈیڑھ منٹ میں ہی پہلا پینلٹی کارنر حاصل کیا، لیکن اسے گول میں تبدیل نہ کر سکا۔ اس کے بعد 13 ویں منٹ میں پاکستان کو پینلٹی کارنر ملا، جس پر کپتان ابو بکر محمود نے ڈریگ فلک سے گول کر کے ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔ دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے پوری طرح میچ پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ 20 ویں منٹ میں ملنے والے پینلٹی کارنر پر ہرمن پریت سنگھ کی ڈریگ فلک کو سکھجیت سنگھ نے شاندار ڈیفلیکشن دے کر گول میں بدلتے ہوئے اسکور 1-1 کر دیا۔
اس کے چھ منٹ بعد ہندوستان کو ایک اور پینلٹی کارنر ملا، جس پر ہرمن پریت سنگھ نے زوردار ڈریگ فلک کے ذریعے سیدھے گول داغ کر ہندوستان کو 1-2 کی برتری دلا دی۔
34 ویں منٹ میں ہندوستان کو لگاتار دو پینلٹی کارنر ملے۔ دوسرے کارنر پر پینلٹی اسٹروک ملا، جسے ہاردک سنگھ نے آسانی سے گول میں بدل دیا۔
اس کے فوراً بعد ہندوستان نے تیز جوابی حملہ کیا اور دلپریت سنگھ و سکھجیت سنگھ کی شاندار تال میل سے بھری موو پر جگراج سنگھ نے گول کر کے اسکور 1-4 کر دیا۔ 41 ویں منٹ میں سکھجیت کے پاس پر ابھشیک نے شاندار فیلڈ گول کیا۔ اس کے بعد لگاتار ملے پینلٹی کارنر کے دوران راجکمار پال نے ری باونڈ پر گول کر کے ہندوستان کی برتری 1-6 کر دی۔
آخری کوارٹر میں بھی ہندوستانی ٹیم کا دباو جاری رہا۔ 54 ویں منٹ میں دلپریت سنگھ نے بہترین موو کو گول میں بدلتے ہوئے ہندوستان کا ساتواں گول داغا۔ میچ کے آخری منٹوں میں پاکستان کو لگاتار دو پینلٹی کارنر ملے، لیکن ہندوستانی دفاع اور تجربہ کار مڈ فیلڈر منپریت سنگھ نے دونوں کوششیں ناکام بنا دیں۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے 1-7 سے شاندار جیت اپنے نام کر لی۔
مختصر اسکور:
ہندوستان 7 (سکھجیت سنگھ 20'، ہرمن پریت سنگھ 26'، ہاردک سنگھ 34، جگراج سنگھ 35'، ابھشیک 41'، راج کمار پال 44'، دلپریت سنگھ 54')
پاکستان 1 (ابو بکر محمود 13')۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن