
عامر جنگو اور روسٹن چیز نے ویسٹ انڈیز کی دم دار واپسی کرائی
اینٹیگا، 27 جون (ہ س)۔ اینٹیگا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز عامر جنگو نے اپنے کریئر کے دوسرے ہی ٹیسٹ میں شاندار تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آوٹ 78 رن کی اننگز کھیلی۔ کپتان روسٹن چیز (ناٹ آوٹ 42) کے ساتھ ان کی 103 رن کی ناقابلِ شکست شراکت داری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے دن کا کھیل ختم ہونے تک 5 وکٹ پر 271 رن بنا لیے۔
جمعہ کو دوسرے دن کا آغاز ویسٹ انڈیز کے سلامی بلے بازوں جان کیمبپل اور برینڈن کنگ نے شاندار انداز میں کیا۔ دونوں نے پہلے گھنٹے تک سری لنکن گیند بازوں کو کوئی موقع نہیں دیا اور پہلی وکٹ کے لیے 58 رن جوڑے۔ اس کے بعد ملان رتنائیکے نے برینڈن کنگ کو آوٹ کر کے یہ شراکت داری توڑی۔ کیمبپل نے کاویم ہوج کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور لنچ تک ٹیم کا اسکور 1 وکٹ پر 89 رن پہنچا دیا۔
حالانکہ لنچ کے بعد سری لنکا نے میچ میں واپسی کی۔ سونل دنوشا نے کیمبپل کو آوٹ کر کے بڑی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد کاویم ہوج، جوشوا ڈا سلوا اور جسٹن گریوز اچھی شروعات تو کر سکے، لیکن کوئی بھی بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ اس دوران سری لنکا نے 79 رن کے اندر چار وکٹیں لیکر مقابلے پر پکڑ مضبوط کر لی۔ ایسے مشکل وقت میں عامر جنگو اور کپتان روسٹن چیز نے مورچہ سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے پورے آخری سیشن میں صبر و تحمل کے ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے 203 گیندوں کا سامنا کیا اور 103 رن کی ناٹ آوٹ شراکت داری کر کے سری لنکا کی برتری کو کافی حد تک کم کر دیا۔
سری لنکا کو گیند بازی میں بھی جھٹکا لگا، جب تیز گیند باز لاہیرو کمارا ہیمسٹرنگ میں پریشانی کے باعث میدان چھوڑ کر باہر چلے گئے۔ اس کا فائدہ جنگو اور چیز نے اٹھایا اور دن کا کھیل ختم ہونے تک ویسٹ انڈیز کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ اب ویسٹ انڈیز سری لنکا کے پہلی اننگز کے اسکور سے صرف 37 رن پیچھے ہے اور اس کی ابھی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔
مختصر اسکور:
سری لنکا: 308 رن (دھننجے ڈی سلوا 120، دنیش چندیمل 54؛ جسٹن گریوز 3/39)
ویسٹ انڈیز: 5-271 (عامر جنگو ناٹ آوٹ 78، روسٹن چیز ناٹ آوٹ 42؛ اسیتھا فرنانڈو 2/25)
موجودہ صورتِ حال: سری لنکا پہلی اننگز کی بنیاد پر 37 رن سے آگے ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن