
ریونت ریڈی تلنگانہ کے مستقل وزیر اعلی نہیں : کے ٹی آرحیدرآباد، 25 جون (ہ س)۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی تلنگانہ کے مستقل وزیر اعلی نہیں ہیں۔ دہلی کو تھیلے روانہ کرتے ہوئے ہر ماہ اپنی میعاد میں توسیع کرا رہے ہیں۔ آج ستو پلی ضلع کھمم میں منعقدہ بی آر ایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی محض دہلی کے ایک پارٹ ٹائم ملازم کی طرح کام کررہے ہیں جن کاواحد کام دہلی جاکر ٹیکس ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کانگریس اور بی آر ایس حکومتوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بی آر ایس حکومت نے 11 مرتبہ کسانوں کے کھاتوں میں 73 ہزار کروڑ روپئے براہ راست جمع کرائے تھے لیکن موجودہ وزیر اعلی ریونت ریڈی کسانوں کو فائدہ پہونچانے کے بجائے 73 مرتبہ دہلی کا دورہ کرچکے ہیں۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے متحدہ ضلع کھمم کی نمائندگی کرنے والے تینوں وزراء پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں ضلع کھمم سے تین وزراء شامل ہونے کے باوجود کھمم کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ انتہائی شرم کی بات ہے کہ وزیر زراعت کا اسی ضلع سے تعلق ہونے کے باوجود کسانوں کو یوریا کی قلت کا سامنا ہے ۔ کے ٹی آر نے حکومت کے زرعی ایپ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ دوکانوں میں یوریاہوگا تبھی ایپ کام کرے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق