مراٹھی زبان سے متعلق غلطیوں پر اظہارِ افسوس، اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کی وضاحت
ممبئی ، 24 جون (ہ س) ۔ مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے ایوان میں تعزیتی قرارداد پڑھنے کے دوران مراٹھی زبان کے تلفظ اور پڑھنے میں ہونے والی غلطیوں پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ پدم وبھوشن آشا بھوسلے کے انتقال کے بعد پیش کی گئی تعزیتی قرارداد
Maha Assembly Marathi Language Row


ممبئی ، 24 جون (ہ س) ۔ مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے ایوان میں تعزیتی قرارداد پڑھنے کے دوران مراٹھی زبان کے تلفظ اور پڑھنے میں ہونے والی غلطیوں پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ پدم وبھوشن آشا بھوسلے کے انتقال کے بعد پیش کی گئی تعزیتی قرارداد میں مراٹھی پڑھنےکے دوران 26 سے زائد غلطیاں ہونے پر مختلف حلقوں کی جانب سے ان پر تنقید کی جا رہی تھی۔ مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے بھی راہل نارویکر کی مراٹھی زبان پر گرفت کے حوالے سے سخت تنقید کی تھی۔ سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر وسیع بحث جاری تھی۔ اسی پس منظر میں راہل نارویکر نے ایوان میں وضاحت پیش کرتے ہوئے دلی افسوس کا اظہار کیا۔نارویکر نے کہا کہ اس روز ایوان میں مجموعی طور پر 12 تعزیتی قراردادیں پڑھی گئی تھیں۔ ان کے ہاتھ میں جو نقل دی گئی تھی وہ انتہائی باریک حروف میں چھپی ہوئی تھی اور کسی حد تک غیر واضح بھی تھی۔ اس کے علاوہ متن میں بعض تکنیکی خامیاں بھی موجود تھیں جو ابتدا میں نظر نہیں آئیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ قرأت کے دوران متن جیسا تھا ویسا ہی پڑھا گیا جس کے باعث چند غلطیاں ہو گئیں۔آشا بھوسلے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے راہل نارویکر نے کہا کہ مہاراشٹر کا کوئی بھی فرد ان کے بارے میں غیر احترام آمیز بات کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے تو ایسی بات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ مکمل طور پر غیر ارادی اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہوا، اس کا غلط مطلب نہیں نکالا جانا چاہیے۔ اس کے باوجود اگر اس واقعے سے ریاست کے عوام یا ایوان کے اراکین کے جذبات مجروح ہوئے ہوں تو وہ اس پر دلی معذرت خواہ ہیں۔اس موقع پر انہوں نے مراٹھی زبان سے اپنی وابستگی کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار برس سے وہ اسمبلی اسپیکر کے عہدے پر فائز ہیں اور اس دوران متعدد تقاریر اور تعزیتی قراردادیں مراٹھی زبان میں پیش کر چکے ہیں۔ ایوان کے قواعد، طریقہ کار اور کارروائی زیادہ تر مراٹھی زبان میں ہی انجام دی گئی ہے۔ راہل نارویکر نے کہا کہ ایوان کے اراکین اور مہاراشٹر کے عوام کو مراٹھی زبان پر جتنا فخر ہے، اتنا ہی فخر انہیں بھی اپنی مادری زبان پر ہے۔راہل نارویکر کے اس اظہارِ افسوس کے بعد ایوان میں کسی حد تک سکون کا ماحول پیدا ہوا۔ تاہم بعض اراکین نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی ذمہ داری صرف اسپیکر پر عائد نہ کی جائے بلکہ جس شخص نے یہ تقریر تیار کر کے پرنٹ دی تھی، اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ اراکین نے کہا کہ جس نے یہ متن تیار کیا اور پرنٹ فراہم کی، اس کے خلاف بھی مناسب کارروائی ہونی چاہیے۔ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande