
کولکاتا، 24 جون (ہ س)۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے مغربی بنگال کے ہاوڑہ دیہی ضلع کے آمتا علاقے میں 2022 میں ہونے والے بم دھماکے کے دو اہم ملزمین کو گرفتار کیا ہے، اس واقعہ میں ایک بم بنانے والا ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے تھے۔
این آئی اے نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ آمتا علاقے کے رہنے والے اسفر مدیا اور انتاز المدیا کو منگل کی رات گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل تفتیشی ایجنسی نے ملزمان کے مشتبہ تین مقامات پر چھاپے مارے تھے۔
تفتیشی ادارے کے مطابق دونوں ملزمان کیس کے مرکزی ملزمان ہیں۔ ان کی ہدایات پر 23 فروری 2022 کو آمتا تھانے کے علاقے میں چندر پور بازار کے قریب خام بم غیر قانونی طور پر بنائے جا رہے تھے۔
بم بنانے کے عمل کے دوران کچھ دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔ اس واقعہ میں جہاںدھر ملا، محبت ملا، معین الرحمن اور شیخ محرم شدید زخمی ہو گئے۔ شیخ محرم بعد میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
این آئی اے نے اپریل 2024 میں پولیس سے تفتیش اپنے ہاتھ میں لے لی۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اسفر مدیا اور انتاز المدیا بم بنانے کی پوری کارروائی کو کنٹرول کر رہے تھے۔ تحقیقاتی ادارے کے مطابق ان بموں کا مقصد علاقے کے لوگوں کو ڈرانے اور دہشت زدہ کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
اس معاملے میں چار ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے اور چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ دہلی میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کیس نمبر آر سی-08-2024 کے تحت تحقیقات جاری ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی