
نئی دہلی، 24 جون (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مندرا بندرگاہ پر 3,000 کلوگرام منشیات کی کھیپ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں بدھ کی صبح دہلی کے پانچ مقامات پر چھاپہ ماری کی۔ یہ کارروائی ہرپریت سنگھ تلوار اور ان کے ساتھیوں سے وابستہ ٹھکانوں پر کی گئی۔
ای ڈی کے مطابق یہ کارروائی انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت انجام دی جا رہی ہے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم دہلی کے نائٹ کلبوں میں سرمایہ کاری کے طور پر لگائی گئی تھی۔ اسی سلسلے میں ای ڈی مالی لین دین اور سرمایہ کاری کے ذرائع کی جانچ کر رہی ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق، ہرپریت سنگھ تلوار کو اس معاملے میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔ وہ حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ مندرہ بندرگاہ پر سال 2021 میں تقریباً 3,000 کلوگرام ہیروئن کی ایک بڑی کھیپ برآمد کی گئی تھی، جسے ملک کے سب سے بڑے منشیات اسمگلنگ کے معاملات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کیس کی تحقیقات مختلف مرکزی ایجنسیاں کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد