
امراوتی، 24 جون (ہ س) ضلع کے مزدوروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں سرکاری اسکیموں کا لالچ دے کر ان کے بینک کھاتوں کو آن لائن گیمنگ کے لیے استعمال کرنے والے سائبر گینگ کا امراوتی دیہی پولیس نے پردہ فاش کر دیا ہے۔ اس معاملے میں 12 افراد کو گوا سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 10 لاکھ 85 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان بینک کھاتوں کے ذریعے اب تک 6 کروڑ 25 لاکھ روپے کی مالی لین دین کی جا چکی ہے۔ یہ معلومات پولیس سپرنٹنڈنٹ نیکیتن قدم نے دی ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ مزدوروں سے ان کی پاس بُک، اے ٹی ایم کارڈ اور بینک کھاتوں سے منسلک سم کارڈ حاصل کر کے انہیں معمولی معاوضہ دیا جاتا تھا اور بعد ازاں ان کے کھاتوں کو سائبر دھوکہ دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔ ان شکایات کی بنیاد پر شیرکھیڈ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔
سائبر پولیس نے تکنیکی تحقیقات کے بعد ملزمان کی گرفتاری اور شواہد اکٹھا کرنے کے لیے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مزدوروں کے بینک کھاتے غیر مجاز آن لائن گیمنگ کے لیے ملک کے اندر اور بیرونِ ملک استعمال کیے جا رہے تھے اور ان کے ذریعے کروڑوں روپے کے مالی معاملات انجام دیے گئے۔ اس کے بعد خفیہ اطلاع کی بنیاد پر جنوبی گوا کی اعلیٰ درجے کی پروویڈنٹ اڈورا سوسائٹی میں سب انسپکٹر ولاس کمار سانپ اور پولیس اہلکار پروین وانکھڈے و پروین امباڈکر نے چھاپہ مار کارروائی کی۔
پولیس نے دیوچند بندوجی میشرام (26 سال، رہائشی امراوتی)، پریم دلیپ کھلارے (21 سال، ہنگولی)، انیکیت سریش مسکے (24 سال، پتھروٹ، تعلقہ اچل پور)، یوگیش بھیم راؤ ایرپاتے (31 سال، تیوسا)، پریتم گیانیشور انگلے (22 سال، موشی)، آشیش کمار اوماشنگر چورسیا (25 سال، امیٹھی، اتر پردیش)، ستیہ پرساد موریہ (22 سال، امیٹھی، اتر پردیش)، شبھم گیا پرساد جھاریا (30 سال، جبل پور)، ویبھو کامراج سوریہ ونشی (24 سال، ہوشنگ آباد، مدھیہ پردیش)، آدتیہ یووراج مالی (27 سال، جبل پور)، سشیل اندل برمن (28 سال، جبل پور) اور ایک خاتون سمیت 12 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق راکیش کمار جھامنانی، رہائشی امراوتی، اور دو دیگر ملزمان فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس اس پورے ریکیٹ کے بین الاقوامی روابط اور مالی لین دین کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے