
ایٹا نگر، 24 جون (ہ س)۔ اروناچل پردیش کے کچھ حصوں میں بدھ کی صبح ہوئی موسلادھار بارش نے کیی پنیور ضلع کے پوسا گاوں، پیٹا پول اور نیپکو کالونی میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا، جس سے عام زندگی اور ٹریفک متاثر ہوا۔
مقامی لوگوں کے مطابق مسلسل بارش کے باعث کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کا کٹاو ہوا ہے جس سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور متعلقہ انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
مٹی کے تودے اور ملبے نے پوٹین اور پوسا کو ملانے والی مرکزی سڑک کو کئی مقامات پر بند کر دیا ہے جس سے گاڑیوں کا سفر کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ اس رکاوٹ نے علاقے میں روزمرہ کے سفر اور ضروری سامان اور خدمات کی نقل و حرکت کو متاثر کیا ہے۔
حکام اور مقامی لوگ نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں اور جلد از جلد سڑک کے رابطے کو بحال کرنے کے لیے مرمت کا کام شروع کرنے کی امید کر رہے ہیں۔وہیں، حکام کی طرف سے مسافروں اور مقامی لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اگلے اطلاع تک پوٹین-پوسا روٹ استعمال کرنے سے گریز کریں اور موجودہ موسم کی وجہ سے احتیاط برتیں۔
آخری اطلاعات آنے تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم حکام چوکس ہیں کیونکہ ضلع کے کچھ حصوں میں بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی