
وارانسی، 16 جون (ہ س)۔ چولاپور پولیس اور وارانسی کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم نے وارانسی اور پوروانچل خطے کے دیگر اضلاع میں مجرموں کو غیر قانونی ہتھیار فراہم کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ گینگ کے سات شاطر ارکان کو گرفتار کر لیا گیاہے۔ پولیس ٹیم نے ان کے قبضے سے چار پستول، گولہ بارود اور دیگر اشیاء برآمد کی ہیں۔ گرفتار اسلحہ ا سمگلروں کو منگل کو پولیس لائنز کے آڈیٹوریم میں میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ ڈی سی پی (ورونا زون) پرمود کمار نے بتایا کہ 'آپریشن چکرویوہ' کے تحت،چولاپور پولیس اور وارانسی کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم منگل کو دھرساو¿نا تراہے پر گاڑیوں اور افراد کی جانچ کی مہم چلا رہی تھی ،اسی دوران انہیں اطلاع ملی کہ کٹاری بلاک کے پیچھے انڈر پاس کے پاس سات بدنام زمانہ اسلحے کے اسمگلر موجود ہیں۔
پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ساتوں اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ ان کی تلاشی لینے پر پولیس نے ایک .32 بور ریوالور مع چھ زندہ کارتوس، ایک پستول دو کارتوس، ایک دیسی ساختہ .315 بور پستول مع تین زندہ کارتوس، ایک 9 ایم ایم پستول مع دو زندہ کارتوس، ایک مسروقہ موٹر سائیکل اور مختلف برانڈز کے چھ موبائل فون برآمد کیے۔ گرفتار ہتھیاروں کے اسمگلروں میں اکھلیش عرف مونو راج بھر (27، ساکن رائچن پور، چولاپور)، ارون راج بھر (21، ساکنہ اتیسوا، چولاپور)، ہمانشو کمار عرف سنی (28، ساکن دھورہرا، چوبے پور)، ابھاش سنگھ (23)ساکن شورام پور، چولاپور ) ،وشال سنگھ (19) ساکن نیہیاں، چولاپور ، انیکیت چوہان (20، ساکن گوسائی پور موہانو، چولاپور) اور نمن مشرا عرف استیشو (25، ساکن گرووٹ، چولاپور) شامل ہیں ۔
ڈی سی پی ورونازون نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران، ملزمین نے انکشاف کیا کہ انہوں نے غیر قانونی پستول، دیسی ساختہ بندوقیں (طمنچہ)، ریوالور اور کارتوس اپنے پاس رکھے ہوئے تھے۔ ان ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے وہ لوگوں کو ڈرا دھمکا کر ڈکیتی، چوری اور لوٹ کی وارداتوں میں مصروف تھے۔ اگر قیمت صحیح ہوتی تو وہ یہ اسلحہ راہگیروں کو بھی بیچ دیتے۔ وہ اس دن کٹاری بلاک میں خاص طور پر دیسی ساختہ بندوقیں اور پستول فروخت کرنے آئے تھے۔ بدمعاشوں نے پولیس ٹیم کو اطلاع دی کہ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے گینگ کا نیٹ ورک بنا لیا ہے۔ ڈی سی پی ورونا نے بتایا کہ گرفتار افراد کے خلاف پہلے ہی کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔ گرفتار شرپسندوں سے پوچھ گچھ کے بعد، پولیس نے اب ان کے نیٹ ورک سے منسلک دیگر مجرموں کو پکڑنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی