
دیوریا، یکم جون (ہ س)۔ اترپردیش کے دیوریا ضلع کے بھاٹپار رانی پولیس نے پیر کو ایک نوجوان کے قتل کا معاملہ حل کر لیا ۔مقتول کی لاش دیوریا ضلع میں دریائے گنڈک سے ملی تھی۔ شراب نوشی کی پارٹی کے دوران جھگڑے کے بعد نوجوان کے دوستوں نے اسے قتل کر کے اس کی لاش کو چھپانے کے لیے دریا میں پھینک دیا۔
پولیس لائن کے آڈیٹوریم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیجیت آر شنکر نے بھاٹپار رانی علاقے میں ایک نوجوان کے قتل کا انکشاف کیا۔ ایس پی نے بتایا کہ 30 مئی کو مالیباری گاو ں میں ساوریجی پل کے نزدیک دریائے گنڈک میں ایک نوجوان کی لاش ملی تھی۔ پولیس نے لاش کی شناخت 22 سالہ سشیل ساہنی کے طور پر کی ہے جو برکا گاو ں کا رہنے والا ہے۔
31 مئی کو پولیس نے متوفی کے بھائی سندیپ ساہنی کی شکایت پر مقدمہ درج کیا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے چار ملزمان دیپک گوڑ، کمال انصاری، نعیم انصاری اور عاشق انصاری کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے اس واقعہ میں اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ 28 مئی کو وہ سشیل ساہنی کو دھرمکھور دوبے گاو ں لے گئے، جہاں شراب پیتے ہوئے جھگڑا ہوگیا۔ اس جھگڑے کے دوران انہوں نے اسے قتل کر دیا اور ثبوت چھپانے کے لیے اس کی لاش کوئلہ بابا مندر کے قریب دریا میں پھینک دی۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی