
جموں, 07 مئی (ہ س)جموں و کشمیر میں جاری نشہ مکت مہم کے تحت جموں ضلع پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں 50 مقدمات درج کرکے 75 ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مختلف کارروائیوں میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں نشہ آور مواد برآمد کیا گیا۔پہلی کارروائی گاندھی نگر پولیس تھانہ کے دائرہ اختیار میں ڈگیانہ پارک کے نزدیک قائم خصوصی ناکے پر انجام دی گئی۔ پولیس ٹیم نے مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی تو اس کے قبضے سے ممنوعہ نشہ آور مواد برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم کی شناخت وکرم جیت سنگھ سکنہ ہری پور آر ایس پورہ، حال رہائشی پریت نگر ڈگیانہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری کارروائی پیر مٹھا تھانہ علاقے کے گجر نگر میں کی گئی جہاں رات کے وقت گشت کے دوران پولیس نے ساحل شرما سکنہ جولاکا محلہ جموں کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے چار گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔جموں پولیس کے سینئر افسران کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت میں دھکیلنے والے اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی بھی منشیات فروش کو بخشا نہیں جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر