
جاپان کی نئی قونصل ساتو ہیتومی کی گورنر سے ملاقات، ہندی میں روانی کے بعد مراٹھی سیکھنے کا اعلان
ممبئی، 4 مئی (ہ س)۔ جاپان کی ممبئی میں نئی تعینات قونصل ساتو ہیتومی نے راج بھون میں گورنر جشنو دیو ورما سے خیرسگالی ملاقات کی، جس میں تعلیمی، ثقافتی اور تکنیکی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ساتو ہیتومی، جنہوں نے الہ آباد میں تعلیم حاصل کر کے ہندی زبان میں مہارت حاصل کی ہے، نے اس موقع پر بتایا کہ وہ جلد ہی مراٹھی زبان سیکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہندی اور مراٹھی دونوں کی رسم الخط دیوناگری ہے، اس لیے نئی زبان سیکھنا نسبتاً آسان ہوگا۔
انہوں نے اپنے تعلیمی اور سفارتی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بھارت میں دو سال تک تعلیم حاصل کر چکی ہیں اور نئی دہلی میں جاپانی سفارت خانے میں تقریباً ساڑھے نو برس تک خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ملاقات کے دوران انہوں نے گورنر کو آگاہ کیا کہ آئندہ برس بھارت اور جاپان کے سفارتی تعلقات کو 75 سال مکمل ہوں گے، جس کے موقع پر مختلف پروگراموں اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہاراشٹر اور جاپان کے درمیان میٹرو ریل، بلیٹ ٹرین اور ایکسپریس وے جیسے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں پہلے ہی تعاون جاری ہے اور اب اس دائرے کو تعلیم، کھیل اور ثقافت کے شعبوں تک بھی وسعت دی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے جاپان کے واکایاما صوبے اور مہاراشٹر کے درمیان جاری تعاون کا بھی حوالہ دیا اور بتایا کہ آئندہ نومبر میں ممبئی میں ایک تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
ساتو ہیتومی نے کہا کہ جاپان مہاراشٹر میں ہنرمندی کے شعبے میں بھی تعاون کر رہا ہے، جہاں جاپانی کمپنیاں صنعتی تربیتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بھارت سے جاپان جانے والے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ گورنر جشنو دیو ورما نے نئی قونصل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اداروں کی سطح پر اشتراک کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ساوتری بائی پھولے یونیورسٹی میں پہلے سے جاپانی زبان کا شعبہ فعال ہے، جبکہ ناگپور کی ایک یونیورسٹی میں بھی حال ہی میں جاپانی زبان کی تعلیم کا آغاز کیا گیا ہے۔
گورنر نے تجویز دی کہ ہند۔جاپان تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ثقافتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے اور دونوں زبانوں کے ادب کے تراجم کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہترین مترجمین کی حوصلہ افزائی کے لیے جاپانی کمپنیوں کے تعاون سے انعامات دیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر جاپانی قونصل خانہ مراٹھی زبان کی تعلیم کے لیے کلاسز شروع کرے تو ریاستی جامعات اس میں تدریسی تعاون فراہم کر سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ ممبئی میں جاپان کے سابق قونصل یاگی کوجی کے تبادلے کے بعد ساتو ہیتومی کو اس عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔ اس ملاقات میں جاپانی قونصل خانے کی افسر شیمادا میگومی اور گورنر کے دفتر کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے