
جموں, 30 مئی (ہ س)۔ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رامبن کے رامسو علاقے میں ہفتہ کی علی الصبح پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں دو افراد کی موت واقع ہوگئی، جب چونا پتھر سے لدے ایک ٹرک گنگرو کے مقام پر گہری کھائی میں جا گرا اور آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ٹرک جموں سے سری نگر کی جانب رواں دواں تھا۔ گنگرو کے قریب پہنچنے پر ڈرائیور گاڑی پر قابو برقرار نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں ٹرک سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گرا اور حادثے کے فوراً بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی رامسو پولیس، ہمالین کوئیک رسپانس ٹیم ، سی آر پی ایف اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مشترکہ طور پر امدادی و بچاؤ کارروائی شروع کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹرک مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں تھا۔ طویل کوششوں کے بعد گاڑی کے جلے ہوئے کیبن سے ڈرائیور اور کنڈکٹر کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے اور ان کی لاشیں بری طرح جھلس چکی تھیں۔حکام نے بتایا کہ حادثے میں ٹرک مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جبکہ متوفیان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر