
حیدرآباد، 3 مئی (ہ س)۔
تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں اتوار کی صبح ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا۔ مسلح جرائم پیشہ افراد دن دہاڑے زیورات کی دکان میں داخل ہوئے اور ڈکیتی کی واردات کو انجا دیا۔ بدمعاشوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے چار گارڈز شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
یہ واقعہ جگتیال روڈ پر واقع پی ایم جے جیویلری شاپ میں اس وقت پیش آیا جب دکان کا عملہ معمول کے مطابق زیورات کو لاکر سے نکال کر ڈسپلے کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ نقاب پوش مجرم اچانک دکان میں داخل ہوئے۔ وہ جدید ترین ہتھیاروں سے لیس تھے اور ایک منصوبہ بند حکمت عملی کے ساتھ آئے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے جیسے ہی انہیں روکنے کی کوشش کی تو مجرموں نے بغیر وارننگ کے فائرنگ کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 30 راو¿نڈ فائر کیے گئے جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ سے چار سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈکیتی کے دوران جرائم پیشہ افرادڈاکو دکان سے قیمتی زیورات چوری کر کے چند منٹوں میں موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم اور فرانزک ماہرین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے دکان کے اندر اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ابتدائی طور پر پولیس کو شبہ ہے کہ اس جرم کے پیچھے کسی بین ریاستی گینگ کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ وہ اس بات کی بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا مجرموں کو کوئی مقامی مدد ملی۔
فی الحال پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ واقعے کے بعد سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ