
بلیا، 3 مئی (ہ س)۔ بلیا شہر کوتوالی علاقہ میں شیورام پور گھاٹ (بیاسی) کے قریب اتوار کی صبح ایک منڈن سنسکار تقریب کے دوران دو نوعمر لڑکیوں سمیت چار افراد دریائے گنگا میں ڈوب گئے۔ مقامی غوطہ خوروں اور گورکھپور کی ایس ڈی آر ایف ٹیم کی مدد سے تین افراد کی لاشیں نکالی گئیں، جب کہ ایک کی تلاش جاری ہے۔
چترکوٹ تھانہ علاقے کے کلیانی پور کے رہنے والے وششٹھ چوہان کے گھر کے لوگ اتوار کی صبح منڈن سنسکار کی تقریب کے لیے بلیا شہر کوتوالی علاقے کے شیورام پور گھاٹ (بیاسی) پر پہنچے تھے۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا۔ اس دوران چار لڑکیاں نہاتے ہوئے ڈوبنے لگیں۔ لوگوں نے انہیں بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگا دی، لیکن انہیں بچانے کی کوشش میں دو لڑکے بھی ڈوب گئے۔ تاہم ڈوبنے والی چار لڑکیوں میں سے دو کو بچا لیا گیا۔
ارجن چوہان (20) ولد مراری چوہان، ارون چوہان (19) ولد موہن چوہان، اجیت چوہان کی بیٹی ہرشیتا چوہان (17) ساکن رام پور بھوج رتسڈ گڑوار اور نندیتا چوہان (14) کے ڈوبنے کی خبر ملتے ہی گنگا کنارے ہلچل مچ گئی۔ رشتہ دار اور خاندان کے لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے غوطہ خوروں کے ساتھ تلاش شروع کر دی۔ ضلع مجسٹریٹ ایم پی سنگھ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم ویر سنگھ بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔ حکام نے گورکھپور سے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو بلایا۔ ایس پی اوم ویر سنگھ نے بتایا کہ ان تمام کوششوں سے گنگا میں ڈوبنے والے چاروں میں سے ہرشیتا، ارون اور نندیتا کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ارجن چوہان کی لاش کی تلاش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد