
نئی دہلی، 03 مئی (ہ س)۔ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی مرکزی وزارت نے آدھار کارڈ کے فارمیٹ میں تبدیلی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فی الحال ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ وزارت کے مطابق، حال ہی میں کچھ نیوز آو¿ٹ لیٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سال کے آخر تک آدھار کارڈ صرف تصویر اور کیو آر کوڈ تک ہی محدود رہے گا۔ وزارت نے ان دعوو¿ں کو مکمل طور پر غلط قرار دیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ ایسی کسی تبدیلی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، اور اس حوالے سے گردش کرنے والی رپورٹس گمراہ کن ہیں، جو عوام میں غیر ضروری الجھن پیدا کر رہی ہیں۔
وزارت نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی غیر تصدیق شدہ رپورٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس کو نظر انداز کریں، اور یونیک آئیڈینٹی فکیشن اتھارٹی آف انڈیا (یو آئی ڈی اے آئی) اور پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے سرکاری چینلز کے ذریعے جاری کردہ معلومات پر مکمل انحصار کریں۔
وزارت نے میڈیا تنظیموں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ ایسی گمراہ کن معلومات کو پھیلانے سے گریز کریں اور صرف تصدیق شدہ تفصیلات کا اشتراک کریں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی