
مکہ مکرمہ،27مئی (ہ س)۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے اسٹیٹسٹکس (محکمہ شماریات) نے اعلان کیا ہے کہ حج سنہ 1447ھ کے سیزن کے لیے حجاج کرام کی کل تعداد 1,707,301 رہی ہے، جن میں مختلف سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے سعودی عرب سے باہر سے آنے والے 1,546,655 حجاج کرام شامل ہیں۔اسی تناظر میں، سعودی محکمہ شماریات کے ڈیٹا کے مطابق سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں پر مشتمل داخلی حجاج کی تعداد 160,646 رہی۔محکمے نے اپنے شماریاتی نتائج میں واضح کیا ہے کہ اندرون اور بیرون ملک کے مجموعی حجاج میں سے مرد حجاج کی تعداد آٹھ لاکھ، 93 ہزار396 تھی، جبکہ خواتین حجاج کی تعداد 813,905 رہی۔
محکمہ شماریات نے بتایا کہ مملکت سے باہر سے آنے والے بیشتر حجاج کرام فضائی گزرگاہوں کے ذریعے پہنچے، جن کی کل تعداد 1,485,729 رہی، جبکہ 54,429 حجاج زمینی راستوں سے اور 6,497 حجاج بحری گزرگاہوں کے ذریعے پہنچے۔عمومی مقتدرہ برائے شماریات نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے حج سنہ 1447ھ کے ڈیٹا اور انڈیکیٹرز کے اجراءکے لیے وزارتِ داخلہ کے ایڈمنسٹریٹو ریکارڈز پر انحصار کیا ہے جو کہ ڈیٹا کا بنیادی ذریعہ ہے۔ یہ ایک ایسے متحد شماریاتی ماڈل کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد انتہائی درست اور قابلِ اعتماد ڈیٹا فراہم کرنا ہے، جو کہ گذشتہ چھ برسوں کے دوران اپنائے گئے شماریاتی طریقہ کار کا ہی تسلسل ہے۔
واضح رہے کہ عمومی مقتدرہ برائے شماریات مملکتِ سعودی عرب میں شماریاتی ڈیٹا اور معلومات کے لیے واحد اور سرکاری حوالہ ہے، جو منظور شدہ طریقہ کار اور معیارات کے مطابق قومی اشاریے اور اعداد و شمار جاری کرنے کی ذمہ دار ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan