
گووند پوری ڈبل مرڈر کیس : ماں۔بیٹے کے قتل کا ملزم سوربھ پولیس تصادم کے بعد گرفتار
نئی دہلی، 23 مئی (ہ س)۔ جنوب مشرقی دہلی کے گووند پوری علاقے میں 20 مئی کو ماں اور بیٹے کے قتل کے معاملے میں فرار چل رہے ملزم کو پولیس نے تصادم کے بعد گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت سوربھ کے طور پر ہوئی ہے۔ جنوب مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر ہیمنت تیواری نے ہفتہ کے روز بتایا کہ ملزم کے ساتھ جنوب مشرقی ضلع کی اینٹی نارکوٹکس اسکواڈ (اے این ایس) ٹیم کا تصادم ہوا۔ جس میں جوابی کارروائی کے دوران ملزم کے پیر میں گولی لگی۔
پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ملزم گھاٹی پارک علاقے میں موجود ہے اور وہاں بیٹھ کر نشہ کر رہا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے علاقے میں ناکہ بندی کر کے ملزم کو پکڑنے کا منصوبہ بنایا۔ پولیس نے ملزم کو خود سپردگی کرنے کے لیے کہا لیکن الزام ہے کہ پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی اس نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی، جس میں ملزم کے پیر میں گولی لگی۔ زخمی حالت میں اسے موقع پر ہی پکڑ لیا گیا۔
تصادم کے بعد ملزم سوربھ کو گرفتار کر کے علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ پولیس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ 20 مئی کو گووند پوری علاقے میں ماں شاردا اور بیٹے خوشحال کے قتل کی واردات سامنے آئی تھی۔ معاملے کی جانچ کے دوران پولیس کئی زاویوں سے تفتیش کر رہی تھی اور ملزم کی تلاش میں مسلسل چھاپے ماری کی جا رہی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن