
کولکاتا، 2 مئی ( ہ س )۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی سے قبل الیکشن کمیشن نے انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے اضافی نگرانوں کی تعیناتی کی ہے۔ کمیشن نے مجموعی طور پر 242 نگران تعینات کیے ہیں جن میں 165 اضافی کاؤنٹنگ آبزرور اور 77 پولیس نگران شامل ہیں۔ دو مرحلوں میں مکمل ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج 4 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق اضافی کاؤنٹنگ آبزرورز کو ان حلقوں میں تعینات کیا جائے گا جہاں ایک سے زیادہ گنتی کے کمرے قائم کیے گئے ہیں۔ ان کا کام پہلے سے تعینات نگرانوں کی مدد کرنا اور گنتی کے عمل کو منظم طریقے سے چلانا ہوگا۔
اس کے علاوہ ہر کاؤنٹنگ مرکز کے لیے ایک ایک پولیس نگران بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی ذمہ داری کاؤنٹنگ مراکز کے اطراف سکیورٹی اور امن و امان کی نگرانی کرنا ہوگی۔ تاہم کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پولیس نگران کسی بھی صورت میں گنتی کے کمرے کے اندر داخل نہیں ہو سکیں گے۔ انہیں دیگر انتخابی افسران کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
کمیشن نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ کاؤنٹنگ آبزرور اور ریٹرننگ افسر کے علاوہ کسی بھی شخص کو موبائل فون کے ساتھ کاؤنٹنگ مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گنتی کے دوران نتائج فارم-17سی-2 میں درج کیے جائیں گے، جسے کاؤنٹنگ سپروائزر تیار کریں گے اور کاؤنٹنگ ایجنٹس اس پر دستخط کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گنتی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی سرگرمی پہلے ہی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ حالیہ دنوں میں کمیشن نے ریاست کے کئی انتظامی اور پولیس افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر نئے افسران تعینات کیے ہیں۔ اس پر حکمران جماعت ترنمول کانگریس نے سوالات اٹھائے ہیں اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد