لال قلعہ دھماکہ معاملہ : الفلاح یونیورسٹی کے بانی جواد صدیقی کی ضمانت کی درخواست مسترد
نئی دہلی، 2 مئی ( ہ س ) ۔ دہلی کی ساکیت کورٹ نے لال قلعہ دھماکے سے متعلق معاملے میں الفلاح یونیورسٹی کے بانی جواد احمد صدیقی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ ایڈیشنل سیشنز جج شیتل چوہدری پردھان نے ضمانت کی درخواست خارج کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے
لال قلعہ دھماکہ معاملہ : الفلاح یونیورسٹی کے بانی جواد صدیقی کی ضمانت کی درخواست مسترد


نئی دہلی، 2 مئی ( ہ س ) ۔ دہلی کی ساکیت کورٹ نے لال قلعہ دھماکے سے متعلق معاملے میں الفلاح یونیورسٹی کے بانی جواد احمد صدیقی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ ایڈیشنل سیشنز جج شیتل چوہدری پردھان نے ضمانت کی درخواست خارج کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے 30 اپریل کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ عدالت نے 6 اپریل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو نوٹس جاری کیا تھا۔ جواد احمد صدیقی کو ای ڈی نے 18 نومبر 2025 کو گرفتار کیا تھا۔ فرید آباد میں واقع الفلاح یونیورسٹی لال قلعہ کے قریب بلاسٹ کے بعد سے ہی تفتیشی ایجنسیوں کے نشانے پر تھی۔ لال قلعہ دھماکہ کیس میں گرفتار تین ڈاکٹروں کا تعلق الفلاح یونیورسٹی سے پایا گیا، جس کے بعد اس یونیورسٹی کے خلاف جانچ شروع کی گئی۔ ای ڈی نے جواد صدیقی کو دہشت گردی کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔

ای ڈی نے 16 جنوری کو جواد احمد صدیقی اور الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی جانب سے دو ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ای ڈی نے اپنی جانچ شروع کی تھی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ الفلاح یونیورسٹی نے جھوٹی معلومات دی تھیں کہ اسے نیشنل اسیسمنٹ اینڈ ایکریڈیشن کونسل (این اے اے سی) سے منظوری مل چکی ہے۔ ای ڈی کے مطابق، اس نے منی لانڈرنگ قانون کے تحت الفلاح یونیورسٹی کی جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کر لیا ہے۔

لال قلعہ کے قریب 10 نومبر کو آئی 10 کار میں دھماکہ ہوا تھا۔ یہ کار عامر رشید علی کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔ اس دھماکے میں 13 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے تھے۔ یو جی سی نے الفلاح یونیورسٹی کے خلاف شکایت درج کرائی، جس کے بعد کرائم برانچ نے جواد احمد صدیقی کو گرفتار کیا تھا۔ یو جی سی کی شکایات کے بعد دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ان کے خلاف دو ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande