
کانپور، 2 مئی ( ہ س )— اتر پردیش کے کانپور ضلع کے ہنومنت وہار تھانہ علاقے میں ہفتہ کے روز ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ سڑک کے کنارے کھڑے ریت سے بھرے ڈمپر میں پیچھے سے تیز رفتار ڈمپر آ کر ٹکرا گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔ اس حادثے میں دو سگے بھائی گاڑی کے کیبن میں پھنس گئے اور مدد کے لیے پکارتے رہے۔ راہگیروں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور دو کرینوں کی مدد سے تقریباً تین گھنٹے کی سخت محنت کے بعد دونوں کو باہر نکالا، لیکن تب تک ان کی موت ہو چکی تھی۔
یہ حادثہ نوبستہ ایلیویٹڈ پل پر پیش آیا، جب کالپی کے رہنے والے دو بھائی—کمل کانت (27) اور دیپک (25)— ریت لے کر اناؤ جا رہے تھے۔ جیسے ہی وہ نوبستا فلائی اوور پر پہنچے، پل کے کنارے ایک خراب ڈمپر کھڑا تھا۔ اس سے پہلے کہ وہ کچھ سمجھ پاتے، ان کی گاڑی سیدھی اس کھڑے ڈمپر سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے بعد پوری سڑک پر ریت پھیل گئی، جس سے ٹریفک بھی متاثر ہوا۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور معاملے کی مزید جانچ جاری ہے۔
تھانہ انچارج راجیو کمار سنگھ کے مطابق، حادثے کی اطلاع اہل خانہ کو دے دی گئی ہے اور تحریر کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد