
حیدرآباد ، 2 مئی (ہ س) ۔ شمس آباد کے موضع پدا گولکنڈہ ایگزٹ گیٹ نمبر16 کے قریب ایک دلخراش سڑک حادثہ میں 6 افراد کی موت ہوگئی اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق سرسلہ کے ایک ہی خاندان کے7 افراد یادگیری گٹہ جاکر واپس ہورہے تھے کہ شمس آباد کے موضع پدا گولکنڈہ کے قریب ایک ٹھہری ہوئی لاری کو کارنے ٹکر دیدی ۔ کار اتنی تیز رفتار تھی کہ وہ لاری کے پچھلے حصے میں پھنس گئی ۔مقامی لوگوں نے یہ منظر دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔ اطلاع ملتے ہی فوراً پولیس مقام پر پہنچ گئی ۔ حادثہ کی وجہ سے موقع پرہی چھ لوگوں کی موت ہوگئی ۔ جبکہ ایک خاتون شویتاشدید زخمی ہوگئی جسے خانگی دواخانہ منتقل کردیا گیا اورمہلوکین کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مہلوکین میں ببلی شیوا کمار 37 سالہ کار ڈرائیور،ببلی لسیا، ببلی ریشت، کوڈیم سرینواس 40 سالہ،کرشنا چندرااورکوڈیم مادھوجو نابالغ ہیں شامل ہیں ۔اطلاع ملتے ہی ڈی سی پی چیوڑلہ (انچارج) نے مقام کا معائنہ کیا اور زخمی خاتون جس کی حالت تشویشناک ہے بہتر علاج کرنے ڈاکٹروں کوہدایت دی ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ حادثہ کی اصل وجہ معلوم نہ ہوسکی ۔ جس کی تحقیقات کی جارہی ہے اور لاری ڈرائیور کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا جس نے لاری کو سڑک کے کنارے ٹھہرایا تھا ۔ اس موقع پر شمس آباد انسپکٹر نریندر ریڈی بھی موجود تھے ۔ لاری ڈرائیور نے بتایا کہ چار بجے لاری میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے لاری کو سڑک کے کنارے ٹھہرایا تھا جس کے چند منٹوں میں ہی یہ حادثہ پیش آیا ۔ لاری جو چوٹ اپل سے نندیال جارہی تھی ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق